کراچی (بیورو رپورٹ) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کراچی والوں کیلئے بھی بجلی9 روپے 52 پیسے فی یونٹ مہنگی کردی۔ کراچی کیلئے بجلی مئی کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں مہنگی کی گئی ہے، نیپرا نے کراچی کیلئے بجلی کی قیمت بڑھانے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق اضافی وصولی جولائی اور اگست کے بجلی کے بلوں میں کی جائے گی، کے الیکٹرک نے 11روپے 34 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی تھی۔
اس سے قبل نیپرا نے ملک کے دیگر صارفین کیلئے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 7 روپے 90 پیسے اضافے کی منظوری دی تھی۔ نیپرا کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مئی کے فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 7 روپے 90 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دی گئی ہے۔