ڈھاکہ۔(مانیٹرنگ ڈیسک ) :شیخ حسینہ واجد اور ان کی انتظامیہ کے 6 سینئر عہدیداران کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔ اے ایف پی کے مطابق بنگلہ دیش کی ایک عدالت نے منگل کو سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ اور ان کی انتظامیہ کے 6 سینئر عہدیداروں کے خلاف گزشتہ ماہ ہنگاموں کے دوران پولیس کے ہاتھوں ایک شہری قتل کی تحقیقات کا حکم دے دیا ۔شیخ حسینہ واجد ، سابق وزیر داخلہ ، پارٹی کے جنرل سیکرٹری اور سینئر پولیس افسران کے خلاف مقدمہ کا اندراج ایک مقامی شہری کی جانب سے وکیل مامون میا ں کی طرف سے کرایا گیا ہے۔ اے ایف پی کے مطابق ڈھاکہ میٹروپولیٹن کورٹ نے پولیس کو حکم دیا ہے کہ وہ ملزمان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرے، جو بنگلہ دیشی قانون کے تحت مجرمانہ تفتیش کا پہلا مرحلہ ہے۔مقدمہ میں شیخ حسینہ واجد کے وزیر داخلہ اسد الزمان خان اور،عوامی لیگ کے جنرل سیکرٹری عبیدالقادر ، سابق پولیس انسپکٹر جنرل چودھری عبداللہ المامون ، ڈھاکہ میٹروپولیٹن پولیس کے سینئر افسران حبیب الرحمان اور بپلوب کمار سرکار اور پولیس کی جاسوسی برانچ کے سربراہ ہارون یا رشید شامل ہیں۔