دبئی۔:(مانیٹرنگ ڈیسک ) متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے امارات میں پاکستانی رہائشیوں کو مقامی قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے اپنے ملک کے مثالی سفیر بننے کی ترغیب دی ہے۔پاکستان کے 77ویں یوم آزادی کے موقع پر "امارات لووز پاکستان” تقریب کے موقع پر متحدہ عرب امارات کی نیوز ایجنسی (وام)سے گفتگو کرتے ہوئے سفارت کار نے اس شاندار تقریب کی تعریف کی۔وام کے مطابق سفیر فیصل نیاز ترمذی نے کہاکہ یہ غیر معمولی جشن ،پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان گہری اور دیرپا شراکت داری کا ثبوت ہے۔ یہ تعلق بانی، مرحوم شیخ زاید بن سلطان النہیان کی دور اندیش قیادت نے مضبوطی سے قائم کیا تھا۔انہوں نے متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ ملک کے قوانین کا احترام کریں اور اپنے ہنر کو فروغ دیں۔ انہوں نے متحدہ عرب امارات کی ترقی میں پاکستانیوں کے اہم کردار کو بھی سراہا۔اس تقریب میں مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والے 20,000 سے زیادہ افراد نے شرکت کی، جس میں پاکستانی ثقافت، موسیقی اور کھانوں کو پیش کیا گیا۔انہوں نے پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو فخر اور طاقت کے ذریعہ کے طور پر اجاگر کیا۔ سفارت کار نے کامیاب تقریب کے انعقاد میں تعاون پر پاکستان ایسوسی ایشن دبئی، ایمریٹس لووز پاکستان اور یو اے ای گورنمنٹ میڈیا آفس کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر سفیر ترمذی نے پیرس 2024 اولمپک گیمز میں تاریخی فتح پر پاکستانی جیولین تھروور ارشد ندیم کو مبارکباد بھی پیش کی ۔