راولپنڈی۔(نمائندہ خصوصی ):وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطاء اللہ تارڑ نے جیولین تھرور گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کو اسلام آباد آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا ہے کہ ارشد ندیم قومی ہیرو ہیں، وزیراعظم کی خصوصی دعوت پر انہیں اسلام آباد مدعو کیا گیا ہے۔ منگل کو یہاں نور خان ایئر بیس پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ارشد ندیم کو خصوصی طیارے کے ذریعے اسلام آباد لایا گیا ہے، ارشد ندیم سرکاری مہمان ہیں، انہیں سٹیٹ پروٹوکول دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ارشد ندیم کے ساتھ ان کی فیملی اور کوچ بھی موجود ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ قومی ہیرو کی وفاقی دارالحکومت آمد پر خوشی ہے، آج وزیراعظم نے ان کے اعزاز میں ضیافت کا اہتمام بھی کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 14 اگست کی مرکزی تقریب میں وزیراعظم محمد شہباز شریف اور ارشد ندیم مل کر پرچم کشائی کریں گے، ارشد ندیم دیگر شہروں میں بھی یوم آزادی کی تقریبات میں شرکت کریں گے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے کہا کہ وہ اپنے والدین اور پوری قوم کے مشکور ہیں، قوم کی دعائوں سے آج بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2012 میں محمد شہباز شریف نے پنجاب یوتھ فیسٹیول منعقد کرایا، اپنا پہلا میچ اس یوتھ فیسٹیول میں کھیلا۔ انہوں نے کہا کہ ڈیپارٹمنٹل سپورٹس سے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے، 2015 میں واپڈا میں شمولیت اختیار کی انہوں نے کہا کہ اولمپکس میں کامیابی کے لئے میں نے بہت محنت کی، آئندہ بھی ملک کا نام روشن کرنے کے لئے مزید محنت کرو گا۔ انہوں نے کہا کہ میرے کوچ سلمان اقبال بٹ نے میری کامیابی کے لئے بہت محنت کی، اللہ تعالیٰ نے گولڈ میڈل سے نوازا ہے، پاکستان کے لئے مزید محنت کرنی ہے اور پاکستان کا سر فخر سے بلند کرنا ہے