کراچی (رپورٹ: مرزا افتخار بیگ ) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے یوتھ ایمبسیڈر پروگرام کے تحت ڈاﺅ یونیورسٹی کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب کا انعقاد ڈاﺅ یونیورسٹی میں کیاگیا جہاں صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ اور ڈاﺅ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے رجسٹرار ڈاکٹر اشعر آفاق نے ایم او یو پر دستخط کیے۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر سعید قریشی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کہاکہ یوتھ ایمبسیڈر پروگرام کا مقصد تعلیمی اداروں میں موجود نوجوان نسل کو ثقافتی سرگرمیوں سے جوڑنا ہے ، آئی آر ، آئی ٹی ، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، وکالت ، ہیلتھ اینڈ سائنسز اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے طالب علم اس پروگرام کا حصہ بن سکیں گے ، انہوں نے کہاکہ آرٹس کونسل کے لیے یہ اعزاز کی بات ہے کہ ہم اتنے بڑے ادارے کے ساتھ اشتراک کررہے ہیں، یوتھ ایمبسیڈر پروگرام سندھ کے نوجوانوں کے لیے بہت اچھا پلیٹ فارم ثابت ہوگا، سکھر اور اوباڑو سے لے کر کراچی میں یہ پروگرام منعقد کیے جائیں گے ہم پہلے فیز میں جس کا آغاز کراچی سے کررہے ہیں، انہوں نے مزید کہاکہ یہ تصور بالکل غلط ہے کہ ڈاکٹرز اور انجینئرز میں تخلیقی صلاحیتیں نہیں ہوتیں، ان میں گلوکار، ادیب اور مصور بھی پائے جاتے ہیں، ایک مرتبہ آرٹس کونسل کے ایک پروگرام میں تمام سینئر پروفیسرز نے گانے گا کر سنائے، ڈی ایم سی ہمارے یوتھ فیسٹیول میں بہت سرگرم رہا ہے، یوتھ فیسٹیول میں آپ کی یونیورسٹی کے طالب علم بھی حصہ لیتے رہے ہیں ، ہم نے یوتھ فیسٹیول میں ڈرامہ، میوزک، تھیٹر، فائن آرٹ ، ڈانس ، فوٹو گرافی کے علاوہ انگلش رائٹنگ میں تقریری مقابلے کرائے جس میں ڈاﺅ یونیورسٹی کے طالب علموں نے پیپر والے دن بھی شرکت کی، انہوں نے بتایا کہ آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی پاکستان کا پہلا ثقافتی انسٹیٹیوٹ ہے، پورے سند ھ کی تمام آرٹس کونسلز کو بحال کررہے ہیں، وہاں فائن آرٹ اور میوزک کے ٹیچرز ہیں جنہیں ہم باقاعدہ تنخواہیں دیتے ہیں، لاہور، سکھر ، کوئٹہ ،ملتان اور کراچی کے علاوہ مظفر آباد کشمیر میں بھی پاکستان لٹریچر فیسٹیول کر چکے ہیں، محمد احمد شاہ نے کہاکہ ہم ایک ایسا ڈیٹا بینک بنا رہے ہیں جس میں نوجوانوں کو ان کی تخلیقی صلاحیتوں کے اعتبار سے کیٹیگریز میں تقسیم کیا جائے گا، ہم ستمبر میں ورلڈ کلچرل فیسٹیول کرنے جارہے ہیں جس میں 33 ممالک کے فنکار آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں پرفارم کریں گے ، ورکشاپ کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔ ڈاﺅ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر پروفیسر سعید قریشی نے کہاکہ ہمارے طالب علم یوتھ ایمبسیڈر پروگرام کا حصہ بنیں اس پر ہمیں فخر ہوگا، پہلے بھی آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں ہونے والے پروگراموں میں ڈاﺅ یونیورسٹی کے بچے تخلیقی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرچکے ہیں، میں صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ کو معاہدے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، ڈاﺅ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔