پیرس۔(نمائندہ خصوصی ):فرانس میں پاکستان کے سفارتخانہ نے پیرس اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے ایتھلیٹس کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں اپنے تمام باصلاحیت ایتھلیٹس پر فخر ہے، یہ ایک منفرد اعزاز اور قابل ذکر کامیابی ہے۔ ارشد ندیم کی شاندار تاریخی فتح ہمارے نوجوان کھلاڑیوں کی نسل کو لاس اینجلس 2028 امریکہ اور دیگر کھیلوں کے مقابلوں کے لیے سخت تربیت اور اپنے اہداف طے کرنے کی ترغیب دے گی۔ پیر کو سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ایک بیان میں سفارتخانہ نے کہا کہ ہمیں ارشد ندیم (نئے اولمپک ریکارڈ کے ساتھ گولڈ میڈلسٹ جیولن )، کشمالہ طلعت، گلفام جوزف اور غلام مصطفیٰ بشیر (شوٹنگ)، جہاں آرا را نبی اور ایم احمد درانی (تیراکی) اور فائقہ ریاض (ایتھلیٹکس) سب پر فخر ہے.بیان میں کہا گیا کہ دنیا کے سب سے بڑے کھیلوں کے ایونٹ میں ارشد ندیم کی شاندار فتح ہمارے نوجوان کھلاڑیوں کی ایک نسل کو لاس اینجلس 2028 امریکہ اور دیگر کھیلوں کے مقابلوں کے لیے سخت تربیت اور اپنے اہداف طے کرنے کی ترغیب دے گی۔ سفارتخانہ نے تاریخی سمر اولمپک گیمز 26 جولائی تا 11 اگست 2024 کے شاندار استقبال اور پرتپاک میزبانی پر فرانس کا بھی شکریہ ادا کیا۔