سیالکوٹ۔(نمائندہ خصوصی ):وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ آزادی بہت بڑی نعمت ہے، ہمیں اس کی قدر کرنی چاہیئے، مہذب قومیں اپنا یوم آزادی مہذب طریقے سے مناتی ہیں ، یوم آزادی پہ ہمیں یہ تجدید عہد کرنا چاہیئے کہ ہم کسی بھی ملک دشمن عناصر کا ساتھ ہرگز نہیں دیں گے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے اتوار کو سیالکوٹ میں اپنی رہائش گاہ پر جشن آزادی کا کیک کاٹنے کی تقریب کے موقع پر اظہارخیال کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی کا واقعہ ایک سوچا سمجھا منصوبہ تھا جو ناکام ہوا جس میں پی ٹی آئی کی قیادت سمیت انکے ورکرز نے وطن عزیز کی خاطر اپنی جانیں قربان کرنے والے شہداء کی یادگاروں پر حملے کیے، دفاعی تنصیبات پر حملے کیے گئےاور شہداء کے مجسموں کو بھی مسمار کیا گیا ، کیا یہ سب کچھ
کرنے والے ملک و قوم کے وفادار ہو سکتے ہیں ہرگز نہیں ہو سکتے۔انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کی خاطر اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے ہمارے قومی ہیروز ہیں اور ہم اپنے ان قومی ہیروز کو ان کی جدوجہد اور پاک بھارت کے مسلمانوں کے لیے پاکستان کی شکل میں ایک آزاد ریاست کے حصول میں اہم کردار ادا کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا ہے یہ ملک ہم نے اپنے آباو اجداد کی عظیم قربانیوں کے نتیجے میں حاصل کیا، اس کا تحفظ اور تعمیر و ترقی اب ہماری ذمہ داری ہے جس سے عہدہ برآہونے کے لئے ہمیں اپنے تمام فروعی اور گروہی اختلافات بھلا کر اور ہر قسم کے تعصبات سے بالا تر ہو کر ایک متحد قوم کی شکل میں کام کرنا ہوگا۔خواجہ محمد آصف کا کہنا تھا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کے فرمودات اور شاعر مشرق ڈاکٹر محمد علامہ اقبال کی فکر کو مشعل راہ بناکر ہم پاکستان کو ایک عظیم اسلامی مملکت بناسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جشن آزادی کے موقع پر ہمیں اپنے ان شہداءکو بھی خراج عقیدت پیش کرنا چاہئے جنہوں نے قیام پاکستان سے اب تک ملک کے دفاع اور امن کے لئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمیشہ پاکستان کی حفاظت فرمائے اور اسے تعمیر وترقی کی راہ پر گامزن رکھے۔سیالکوٹ سے منتخب ہونے والے اراکین صوبائی اسمبلی محمد منشاءاللہ بٹ، چوہدری فیصل اکرام، چوہدری ارشد جاوید وڑائچ، رانا عارف اقبال ہرناء اور شکیلہ آرتھر سمیت سٹی صدر پاکستان مسلم لیگ (ن)محمد رفیق مغل اور خواتین ونگ کی جنرل سیکرٹری نصرت جمشید بھی اس موقع پر یہاں موجود تھیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ورکرز نے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کو پھولوں کے گلدستے بھی پیش کیے۔