لاہور۔(نمائندہ خصوصی ):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ قیام پاکستان کے لیے اقلیتوں نے اپنا بھرپور کردا ر ادا کیا’اقلیتی برادری ملکی ترقی کے لیے ہرشعبہ میں اپنی خدمات سر انجام دے رہی ہیں ،آج کے دن کو منانے کامقصد اپنے اسلاف کے عہد پر قائم رہتے ہوئے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کا اعادہ کرنا ہے،اسرائیل کی جانب سے غزہ میں ظلم کی مثال دنیا کی تاریخ میں نہیں ملتی ،فلسطین میں اسرائیلی ظلم و بربریت پر عالمی خاموشی افسوس ناک ہے،اقوام عالم غزہ میں جنگ بندی میں اپنا فعال کردار ادا کرے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار اتوار کے روزماڈل ٹائون لاہور میں اقلیتوں کے قومی دن کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ’وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ’وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین ‘ مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق ‘ممبر قومی اسمبلی نیلسن عظیم ‘اقلیتی رہنماو دیگر بھی موجود تھے۔وزیر اعظم نے کہا کہ آج ہم سب یہاں پر جمع ہیں اور اقلیتوں کا دن منا رہے ہیں ‘ قیام پاکستان کے وقت اقلیتوں نے پاکستان کے لیے اپنا ووٹ دیا ‘ ہم یوم آزادی منا رہے ہیں لیکن بدقسمتی سے جو ظلم و ستم
غزہ میں ڈھایا جا رہا ہے اس سے ہماری خوشیاں ماند پڑ گئی ہیں’غزہ میں مظلوم مسلمانوں کے ساتھ اسرائیلی فوج نے گزشتہ روز فجر کے وقت بمباری کر کے خواتین اور بچوں سمیت مظلوم مسلمانوں کو شہید کر دیا’ ان مظالم پراقوام عالم کی خاموشی افسوس ناک ہے ‘ اس حوالے سے دنیا میں امن کے قیام کے لیے قائم کئے گئے عالمی اداروں کی قراردادوں کی رتی برابر بھی حیثیت نہیں رہی ، غزہ میں جنگ بندی اور دنیا میں قیام امن کے لیے اسرائیل کو جارحیت سے روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ملکی ترقی میں اقلیتوں کے کردار کے حوالے سے ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ملک خدادادپاکستان عظیم قربانیوں کے بعد معرض وجود میں آیا ،قیام پاکستان اور ملکی ترقی میں اقلیتوں کے مثبت کردار کو فراموش نہیں کیا جاسکتا ،عیسائی،ہندو،سکھ ،پارسی و دیگر اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے مختلف شعبہ جات میں اپنی خدمات سر انجام دیتے ہوئے ملکی تعمیر وترقی میں اپنا بھرپور حصہ ڈالا ہے، اقلیتوں نے ہمیشہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لئے آگے بڑھ کر اپنا فرض ادا کیا،چاہے وہ مسیحی برادری ہو،ہندو برادری ہو ،سکھ برادری ہو یا پارسی برادری ان سب نے ملک کے اندر پرامن شہری بن کر حقیقی معنوں میں پاکستانی ہونے کا ثبوت دیا،مسیحی برادری کے مشنری سکولز جہاں پر77سالوں میں ہزاروں، لاکھوں بچوں اوربچیوں نے اعلی تعلیم حاصل کی یہ مسیحی برادری کی پاکستان کے لئے امن کے وقت بڑی شمولیت ہے،جنگ کے زمانے میں کون نہیں جانتا کہ سیسل چوہدری کی کیا خدمات تھیں ، اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے ججز نے انصاف کے بول بالاکے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کیا ، سکھ برادری نے پاکستان کی استحکام اور ترقی کے لئے ہمیشہ بھرپور خدمات سر انجام دی ہیں،پارسی برادری نے تجارت اور کاروبار میں اپنا نام کمایا ہے ۔انہوں نے کہاکہ گنگا رام ہسپتال سے آج بھی لوگ فیضیاب ہو رہے ہیں اور جب تک یہ ہسپتال قائم رہے گا دکھی انسانیت کے علاج کے حوالے سے لوگ ہمیشہ اس کو یاد رکھیں گے، جب تک یہ ہسپتال قائم رہے گا یہاں دکھی انسانیت کے علاج کے حوالے سے لوگ اس کو ہمیشہ یاد رکھیں گے’اسی طرح ڈاکٹر رتھ فائو نے کراچی میں کوڑھ کے مرض میں مبتلا مریضوں کی امید کی کرن بن کر اپنی سا ری زندگی ان مریضوں کے لیے وقف کر دی جو کہ دوسرے کے لیے مشعل راہ ہے ‘ملک میں دہشت گردی کے خاتمہ اور قیام امن کے لیے مختلف سیکورٹی اداروں میں مختلف اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے اس دھرتی کے بیٹے اور بیٹیاں اپنی خدمات سر انجام دے رہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل آزادی حاصل ہے ‘ آج کے د ن قائد اعظم محمد علی جناح نے تاریخی بیان دیا تھا کہ پاکستان میں بسنے والی تما م برادریوں کو آئین و قانون کے مطابق مساوی حقوق مہیا ہوں گے اور مکمل مذہبی آزادی حاصل ہو گی،اگر کوئی مسلمان ہے تو اسے مسجد میں نماز ادا کرنے کی پوری طرح آزادی ہو گی اور جو اقلیتیں ہیں وہ مندر میں جائیں، کلیسا میں جائیں ،گورودواروں میں جائیں انہیں مکمل آزادی مہیا ہو گی ، اسی تاریخی پس منظر کی روشنی میں آج کے دن یہاں اکٹھے ہونے کا مقصد ہمیں اپنے اسلاف کے عہد پر قائم رہتے ہوئے اقلیتی برادری کے ہر ممکن تحفظ کا اعادہ کرنا ہے۔
وزیر اعظم محمد شہبا شریف نے کہاکہ ماضی میں اقلیتوں کے حوالے سے کچھ بے خراش واقعات ہوئے تھے جس سے ان کو تکلیف پہنچی تاہم ان واقعات کے بعد اس زمانے کے حکومتوں نے بھرپور کردار ادا کیا تاکہ پھر اس طرح کے واقعات رونما نہ ہوں۔وزیر اعظم نے کہا کہ یہاں پر اقلیتی برادری کے نمائندوں نے اپنی پاکستان کے ساتھ لازوال اور انمٹ کمٹمنٹ کا اظہار کیا ہے جس کو پاکستانی قوم تحسین کی نظر سے دیکھتی ہے وہیں پر ہماری تاریخ میں کچھ دلخراش واقعات ہوئے جس سے ظاہر ہے تکلیف پہنچی ،ان کے اندر خوف کا احساس پیدا ہوا ،ان واقعات کے بعد اس زمانے کی حکومتوں نے بھرپو رکردار ادا کیا جنہوں نے قانون ہاتھ میں لیا انہیں قانون کے کٹہرے میں لے کر آئے ، میں سمجھتا ہوں اقلیتی برادریاں جو پاکستان میں رہتی ہیں ان کے تحفظ ، سکیورٹی کیلئے وفاقی حکومت اور صوبائی حکومتیں اپنے طور پر جتنے بھی اقدامات اٹھائیں گی وہ کم ہوگا ۔
انہوں نے کہا کہ یہ بہت زیادہ دور کی بات نہیں جب یہاں دہشتگردی کے واقعات ہوئے اس میں ہماری اقلیتوں کے افسران اور سپاہیوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ،میں خود جی ایچ کیو میں گیا اوران کے اعزازمیں تقریب میں شامل ہوا ۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر رتھ فائو جیسی خاتون نے ساری عمر پاکستان میں بسر کر دی اور کوڑھ کے مرض کے لئے اپنے آپ کو وقف کر دیا، پاکستان کے ہسپتالوں میں جہاں مسلمان ڈاکٹرز ، نرسز دن رات کام کر رہی ہیں خدمات سر انجام دی ہیں وہیں ہماری اقلیتی برادری کی نرسز اور ڈاکٹرز نے بھی اپنی خدمات دکھی انسان کے لئے سر انجام دی ہیں ،انہیں بھی یاد رکھنا چاہیے اور اس کی تحسین بھی کرنی چاہیے تاکہ ان کا حوصلہ بلند ہو اور وہ پہلے سے زیادہ کمٹمنٹ سے پاکستان کی خدمت کریں۔ انہوں نے کہاکہ قائد محمد نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ(ن) کی موجودہ حکومت نے اقلیتوں کو بنیادی حقوق کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے ہیں،اقلیتوں کے تحفظ کے لیے وفاقی اور صوبائی سطح پر سیکورٹی کے سخت اقدامات کئے گئے،محمد نوازشریف نے ہر فورم پر اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کی ترجمانی کی ہے۔وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ حضرت قائداعظم محمد علی جناح اور علامہ محمد اقبال کے فرمودات کی روشنی میں آپ کے حقوق کے لیے پوری کاوشیں جاری رکھیں گے اور اقلیتوں کو درپیش مسائل کے حل اور ان کو معاشرے میں جائز مقام دلوانے کے لیے پوری طرح یکسو ہیں۔انہوں نے کہا کہ مجھے پورا یقین ہے کہ ہم اتحاد و اتفاق سے جلد اس ملک کو ترقی کی راہ پر دوبارہ گامزن کر لیں گے۔وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج کے دن کا خلاصہ یہ ہے کہ اقلیتوں کو اپنے گلے سے لگانا چاہیے ،اقلیتیں جو ہماری آبادی کا ساڑھے تین فیصد بنتی ہیں ان کی خدما ت کو قدر کی نگاہ سے دیکھنا چاہیے اور ان کا حوصلہ بلند کرنا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ میرے قائد نواز شریف نے اقلیتوں کے لئے ہمیشہ کھلے دل کا ثبوت دیا ،جب وہ وزیر اعظم رہے ،وزیر اعلی رہے یا پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد رہے انہوں نے ہمیشہ ہر جگہ اقلیتوں کی بات کی اور ان کے حقوق کے لئے پوری آواز اٹھائی ، آج کے دن کو منانے کا مقصد اقلیتوں کو یہ یقین دہانی کرانا ہے کہ ہم اپنے اسلاف کے عہد پر قائم ہیں اور دستور پاکستان کے حوالے سے آپ کے جو آئینی حقوق ہیں چاہے وہ آزادی کے حوالے سے ہوں، قانونی تحفظ کے حوالے سے ہوں جو بانی پاکستان اورعلامہ اقبال کے فرمودات ہیں ان کی روشنی میںبطور وزیر اعظم پاکستان اور اپنے قائد نواز شریف کے حوالے سے یقین دلاتا ہوں ان شا اللہ اس ملک پاکستان میں آپ کے حقوق کے لئے پوری کاوشیں جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کی حفاظت کے لئے انہیں معاشرے میں جائز مقام دلوانے کی غرض سے پوری طرح یکسو ہیں اور یہی وہ وجہ ہے کہ پاکستان نا صرف ترقی کر سکتا ہے بلکہ خوشحالی سے ہمکنار ہو سکتا ہے اور دنیا میں اپنا جائز مقام حاصل کر سکتا ہے ۔