اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی چوہدری سالک حسین نے عراق میں50 ہزار پاکستانی زائرین کی گمشدگی سے متعلق میڈیا میں گردش کرنے والی حالیہ خبروں کی سختی سے تردید کی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ میں نے سینیٹ کمیٹی کے اجلاس کے دوران ایسا کوئی بیان نہیں دیا اور ان دعوؤں کو مکمل طور پر غلط اور گمراہ کن قرار دیا۔انہوں نے بتایا کہ پاکستانی زائرین نجی آپریٹرز کے ذریعے مذہبی زیارت کے لیے عراق جاتے ہیں۔ تاہم انہوں نے کہا کہ وزارت مذہبی امور عازمین حج کے لئے سہولت کاری کے عمل کو بڑھانے اور ان کے مقدس سفر کے دوران ان کی حفاظت اور فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لئے موثر طریقے سے کام کر رہی ہے۔ وفاقی وزیر نے میڈیا اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ ایسی رپورٹس شائع کرنے سے پہلے حقائق کی تصدیق کر لیا کریں ، انہوں نے بیرون ملک پاکستانی زائرین کے مفادات کے تحفظ کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔