کراچی۔(نمائندہ خصوصی ):پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ، ترقی اور بااختیار بنانے کے لیے اپنی غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اس بات پر بھی زور دیا ہے کہ پیپلز پارٹی ان بنیادی اصولوں پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ میڈیا سیل بلاول ہاؤس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پی پی پی چیئرمین نے اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر اپنی پارٹی کی اقلیتوں کے حقوق کے لیے طویل جاری جدوجہد کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ 1973 کا متفقہ آئین، جو قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کی سیاسی بصیرت کا منہ بولتا ثبوت ہے، پاکستان کے تمام شہریوں کو مساوی حقوق، مذہبی آزادیوں اور تحفظ کی ضمانت دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ میری والدہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو ایک ایسے پاکستان کا خواب دیکھتی تھیں، جہاں تمام مذاہب کے لوگ باہمی ہم آہنگی اور عزت و وقار کے ساتھ زندگی بسر کر سکیں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اقلیتوں کا دن قومی سطح پر منانے کی ابتدا صدرمملکت آصف علی زرداری نے اپنے پہلے دورِ صدارت میں کیا تھا، جس کا مقصد قومی زندگی میں اقلیتوں کے اہم کردار کو تسلیم کرنا اور معاشرے میں رواداری و ہم آہنگی کو فروغ دینا تھا۔انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کی تنوع ہماری سب سے بڑی طاقت ہے، اور یہ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ہم اس بات کو یقینی بنائیں کہ ہر شہری، خواہ ان کا مذہب یا پس منظر کچھ بھی ہو، کو مساوی حقوق اور مواقع ملیں۔ انہوں نے تمام پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ آج اقلیتوں کے قومی دن پر امتیاز اور عدم برداشت کے خلاف جنگ میں متحد ہو جائیں۔انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ آئیے! ہم انصاف، مساوات اور رواداری کے اصولوں کو حقیقی معنوں میں اپنا کر پاکستان کی تعمیر کے لیے اپنی تجدید کریں۔ہم سب مل کر، ایک ایسا ملک بنا سکتے ہیں جہاں ہر فرد، مذہب یا نسل سے قطع نظر، ترقی کرے اور ہماری قوم کی خوشحالی میں اپنا حصہ ڈال سکے۔