پیرس۔(اسپورٹس ڈیسک ):اولمپک چیمپیئن ارشد ندیم جیولین تھرو میں گولڈ میڈل حاصل کرنے اور اولمپک ریکارڈ قائم کرنے کا تاریخی کارنامہ سر انجام دینے کے بعد ہفتہ کو فرانس سے پاکستان کے لئے روانہ ہو گئے جہاں پوری قوم اپنے ہیرو کا نہایت پرتپاک استقبال کر نے کی منتظر ہے۔
پاکستانی سفیر عاصم افتخار احمد نے ارشد ندیم کو پیرس ہوائی اڈہ سے نہایت پرتپاک انداز سے رخصت کیا۔ فرانس میں پاکستان سفارتخانہ کی ایکس پر پوسٹ کے مطابق قبل ازیں ارشد ندیم کی شاندار کامیابی کا جشن منانے اور ان کے اعزاز میں فرانس میں
پاکستان کے سفارتخانہ میں ایک زبردست تقریب پذیرائی کا اہتمام کیا گیا جس میں پاکستانی کمیونٹی کے ارکان نے جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔فرانس میں پاکستان کے سفیر عاصم افتخار احمد اور سفارتخانے کے حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ پاکستانی سفارتخانہ کے باہر روایتی ڈھول کی تھاپ پر ارشد ندیم کا خیرمقدم کیا گیا۔ لوگوں نے ارشد ندیم کے ساتھ تصاویر اور سیلفییاں بنائیں اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔ اس موقع پر ہر کوئی ارشد کے ساتھ ہاتھ ملانے اور تصویر کھنچوانے کے لئے بے تاب نظر آیا۔ بچے اپنی زندگی بھر کی یادیں محفوظ رکھنے کے لئے ارشد ندیم سے آٹوگراف لینے کے لیے پرجوش تھے۔
سفیر عاصم افتخار نے ارشد ندیم کی تاریخی اور یادگار کامیابی پر انہیں مبارکباد دی اور مستقبل کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے تقریب کے شرکا کے ہمراہ پاکستان زندہ باد کے پرجوش نعرے بھی لگائے ۔ارشد ندیم نے ریکارڈ ساز کامیابی پر اللہ تعالی کا شکر ادا کرتے ہوئے ڈھیروں دعائیں کرنے پر قوم کا شکریہ ادا کیا۔ پاکستان سفارتخانہ کی پوسٹ میں کہا گیا کہ ارشد ندیم نے گولڈ میڈل سے نیا اولمپک ریکارڈ قائم کرنے کا ناقابل یقین سفر طے کیا ہے اور قوم کا سر فخر سے بلندکیا۔