کراچی (بیورو رپورٹ) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرصدارت کابینہ کا اجلاس ہوا ہے۔تفصیلات کے مطابق کابینہ اجلاس میں تمام صوبائی وزرا، مشیر، معاون خاص، چیف سیکریٹری، چیئرمین پی اینڈ ڈی اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں فنانس کی ریوینیو گروتھ کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، اس موقع پر وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ گزشتہ 5 سالوں 15-2014 سے 19-2018 کے دوران سندھ کی ریوینیو کلیکشن اتھارٹیز میں اضافہ ہوا۔
وزیراعلی سندھ نے کہا کہ سندھ ریوینیو بورڈ نے 136 فیصد، ایکسائیز نے 112 فیصد اور بورڈ آف ریوینیو نے 68 فیصد گروتھ کی، اس حساب سے گزشتہ 5 سالوں میں 119 فیصد ریوینیو میں اضافہ ہوا۔انہوں نے کہا کہ یہ ورلڈ بینک کا سندھ پبلک سیکٹر مینجمنٹ ریفارم پروجیکٹ تھا جس کے تحت تمام ریوینیو رکارڈ پورے کیے گئے۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ بی او آر نے آٹومینشن سسٹم شروع کی ہے ، اس سال بی او آر کی ریکوریز میں زیادہ اضافہ متوقع ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کابینہ نے فیصل صدیقی کو سندھ انشورنس لمیٹڈ کو نئے سال کیلئے سی ای او تعینات کر دیا ہے۔