اسلام آباد۔9اگست (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ امام مسجد نبوی شیخ صلاح بن محمد البدیر کا دورہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے اور پائیدار تعلقات کا مظہر ہے، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات بھائی چارے، اعتماد اور باہمی احترام پر مبنی ہیں، پاکستان اور سعودی عرب ہر آزمائش میں ہمیشہ ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں، عالمی مسائل سے نمٹنے کے لئے امت مسلمہ میں اتحاد و یکجہتی کو مزید مستحکم کرنا وقت کی ضرورت ہے ۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسجد نبوی کے امام الشیخ ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعہ کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں سعودی عرب کے سفیر محمد نواف بن سعید المالکی، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، علی محمد خان، بیرسٹر گوہر علی خان، ملک عامر ڈوگر، مولانا فضل الرحمان، سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور دیگر اراکین قومی اسمبلی بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ امام مسجد نبوی کی پارلیمنٹ آمد باعث مسرت و برکت ہے، مسجد نبوی کا مسلمانوں کے دلوں میں ایک خاص مقام ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امام مسجد نبوی شیخ صلاح بن محمد البدیر کا دورہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے اور پائیدار تعلقات کا مظہر ہے، امام مسجد نبوی کا دورہ اس اتحاد کا عکاس ہے جو امت مسلمہ کو مضبوط رشتے میں باندھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات بھائی چارے، اعتماد اور باہمی احترام پر مبنی ہیں، پاکستان اور سعودی عرب ہر آزمائش میں ہمیشہ ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں، پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تعلقات ہر گزرتے کے ساتھ مضبوط سے مضبوط تر ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر شیخ صالح بن محمد البدیر کا دورہ دو طرفہ برادرانہ تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے ہمارے غیر متزلزل عزم کا ثبوت ہے، عالمی مسائل سے نمٹنے کے لئے امت مسلمہ میں اتحاد و یکجہتی کو مزید مستحکم کرنا وقت کی ضرورت ہے ، امت مسلمہ کے درمیان زیادہ سے زیادہ افہام و تفہیم، تعاون اور بھائی چارے کے لئے پُرعزم ہیں۔امام مسجد نبوی شیخ صلاح بن محمد البدیر نے کہا کہ پاکستان کا دورہ کر کے دلی خوشی و مسرت ہوئی، پاکستان میں جو خلوص اور محبت ملی وہ ہمیشہ یاد رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر پاکستان کے عوام اور پارلیمان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عالم اسلام کا ایک اہم ملک ہے، مسلم ممالک میں اتحاد کے فروغ اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لئے پاکستان کا کردار قابل ستائش ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی کی درخواست پر امام مسجد نبوی نے پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور امت مسلمہ کے مابین اتحاد و یکجہتی کے فروغ کیلئے خصوصی دعا کی۔