ریاض (نیٹ نیوز)سعودی وزارت صحت نے ایام حج کے دوران گرمی میں شدت کی صورت میں حجاج کو لو لگنے اور سن سٹروک کے ممکنہ مسائل سے نمٹنے کے لیے 238 بستروں پر مشتمل اسپتالوں اور طبی مراکز کا اہتمام کیا ہے۔ موسمیات سے متعلق سعودی وزارت یہ خدشہ محسوس کرتی ہے کہ اگلے چند دنوں میں سعودیہ میں درجہ حرارت بڑھ سکتا ہے۔اس خدشے کے پیش نظر ہیٹ ویوکے کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے تیاریوں کو وزارت صحت نے زیادہ مستحکم کیا ہے۔ مکہ معظمہ اور مدینہ منورہ میں متعدد طبی سہولت کے مراکز قائم کیے ۔ان مراکز اور ہسپتالوں میں صرف ہیٹ ویواور ہیٹ سٹروک کے لیے پیشگی تیاری کے طور پر 238 بستروں کا اہتمام کیا ہے۔
ان میں دونوں مقدس شہروں کے ہسپتالوں میں فراہم کردہ 172 بستر بھی اسی غرض سے شامل کیے گئے ہیں۔ ان میں سے 51 بستر مکہ کے ہسپتال میں ہیں جبکہ 15 بستروں کی سہولت مدینہ میں رکھی گئی ہے۔علاوہ ازیں وزارت نے بڑی تعداد میں ایسے پنکھوں کا اہتمام کیا ہے جو بجلی سے چلتے ہیں مگر اس کے ساتھ ہی ساتھ پانی کی ٹھنڈی اور ہلکی پھوار کا بھی سبب بنتے ہیں۔ ان نم آلود ٹھنڈی پھواروں کے مسلسل اہتمام کا مقصد بھی یہی ہے کہ حجاج کو ”ہیٹ سٹروک اور ہیٹ ویوسے بچا یا جا سکے۔