اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):ہواوے پاکستان نے ملک بھر کے 3لاکھ طلباء کو بااختیار بنانے کے لئے ایک وسیع تربیتی پروگرام ترتیب دیا ہے۔ جمعہ کو جاری بیان کے مطابق ہواوے نے ٹرین دی ٹرینر سرٹیفکیٹ تقسیم کرنے کی تقریب کے ساتھ پاکستان میں ڈیجیٹل ایکسیلینس کی طرف اہم سنگ میل طے کیا، یہ اقدام پاکستان کی وسیع تر ڈیجیٹل تبدیلی کی کوششوں کا ایک اہم حصہ ہے جس کا مقصد ملک بھر میں آئی سی ٹی کی تعلیم اور مہارت کو فروغ دینا ہے۔ہواوے نے پاکستان میں 3لاکھ طلباء کے لئے ٹرین دا ٹرینر اقدام کا آغاز کیا۔ٹی ٹی ٹی پروگرام ہواوے اور پاکستان بھر میں مختلف آئی سی ٹی اکیڈمیوں کے درمیان ایک باہمی تعاون کی کوشش ہے ،یہ پروگرام جدید آئی سی ٹی مہارتوں کی بڑھتی ہوئی ضرورت کو پورا کرنے کے لئے ڈیزائن کیا گیا ہے، پروگرام آئی سی ٹی تعلیم کے معیار کو نمایاں طور پر بڑھاتا ہے۔یہ نقطہ نظر اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ تربیت دہندگان آئی سی ٹی ٹیکنالوجیز میں جدید ترین علم اور مہارتوں سے لیس ہیں، جسے وہ طلباء تک پہنچائیں گے، اس طرح آئی ٹی پروفیشنلزکی اگلی نسل پر براہ راست اثر پڑے گا۔ پروگرام کا ڈھانچہ اس بات کو یقینی بنانے کے لئے ڈیزائن کیا گیا ہے کہ ٹرینرز اعلیٰ معیار کی تعلیم فراہم کرنے کے لیے اچھی طرح سے تیار ہیں۔یہ اقدام آئی سی ٹی کی تعلیم کو بہتر بنانے اور طلباء میں ڈیجیٹل مہارتوں کو فروغ دینے کے حکومت کے وژن سے بالکل ہم آہنگ ہے۔ ٹرینرز کو جامع تربیت فراہم کر کے ہواوے اور اس کے شراکت دار تعلیمی علم اور صنعت کی ضروریات کے درمیان فرق کو ختم کرنے میں مدد کر رہے ہیں،– اس طرح جدید ڈیجیٹل منظر نامہ کے چیلنجز کے لئے طلباء کو بہتر طریقے سے تیار کر رہے ہیں،ہواوے کے ساتھ تعاون اس اقدام کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ہواوے اپنی مہارت اور وسائل کو اکٹھا کرکے ہنر مند افرادی قوت کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے جو پاکستان کے اندر اور اس سے باہر مختلف شعبوں میں معاونت کرے گی۔ یہ شراکت داری پاکستان کی ڈیجیٹل تبدیلی کو آگے بڑھانے میں ایک اہم شراکت دار کے طور پر کردار کو اجاگر کرتی ہے۔اپنے خطبہ استقبالیہ میں ہواوے پاکستان کے ڈپٹی سی ای او اور ڈائریکٹر سبسیڈری بورڈ احمد بلال مسعود نے ٹرینرز اور طلباء کو مبارکباد دی اور باہمی تعاون پر زور دیاجس سے ٹی ٹی ٹی اور سیڈز فارفیوچر پروگرام ممکنہ طور پر پاکستان کی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ آئی ٹی اور نوجوانوں میں سرمایہ کاری درست سمت ہے۔ ہمیں فخر ہے کہ وزیر اعظم پاکستان نے ہواوے کو اس اقدام کا حصہ بننے کے لیے منتخب کیا ہے۔ یہ ہماری اولین ترجیحات میں سے ایک ہے، اور ہم اس کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے اپنی کوششوں، وسائل کی سرمایہ کاری جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ڈیجیٹل تبدیلی کے لئے پاکستان میں تربیت یافتہ افرادی قوت کی ضرورت ہے۔ ہمیں ایک ایسی افرادی قوت تیار کرنی ہے جو نہ صرف پاکستان کے اندر بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی خدمات فراہم کرے
۔وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن کی سیکرٹری عائشہ حمیرا چوہدری نے تقریب کے دوران اس اقدام کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہاکہ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کئی اسٹریٹجک اقدامات کے ذریعے اس اقدام کی حمایت کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ ہم اس ٹریننگ کے لئے طلباء کی فراہمی میں ہواوے کی مدد کریں گے اور آپریشنز کی نگرانی اور دی جانے والی تربیت کے معیار کو یقینی بنانے کے لیے ایک کمیٹی قائم کریں گے۔ یہ اس تبدیلی کے پروگرام کی کامیابی کی سہولت اور نگرانی میں وزارت کے کردار کی عکاسی کرتے ہیں۔
انہوں نے پروگرام کے وسیع تر اثرات کو مزید اجاگر کیا۔ انہوں نے طلباء اور ٹرینرز کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ یہ ایک اہم جشن کا آغاز ہے، اور یہ جشن پاکستان کی اقتصادی ترقی ہے۔ ہمارے ساتھ کام کرتے ہوئے ہواوے پاکستان کو دنیا میں ایک اور لیڈر بنائے گا ،ٹی ٹی ٹی پروگرام کے دور رس اثرات کی توقع ہے،3لاکھ افراد کو تربیت دے کر اس پروگرام کا مقصد ایک خاطر خواہ اور ہنر مند افرادی قوت پیدا کرنا ہے جو مختلف شعبوں میں شراکت کے لئے تیار ہو۔مزید برآں روزگار کے لئے ہیومن ریسورس ڈیٹا بیس کا قیام ہنرمند پیشہ ور افراد اور ملازمت کے مواقع کے درمیان رابطے کو ہموار کرے گا۔