اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ):وزیر اعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی کوآرڈینیشن رومینہ خورشید عالم نے جمعہ کو اعلان کیا کہ پاکستان ‘جینڈر ایمپاورمنٹ اینڈ گرین اکانومی’ کے موضوع پر دو روزہ بین الاقوامی ایشین فورم آف پارلیمنٹرینز آن پاپولیشن اینڈ ڈویلپمنٹ کی میزبانی کرے گا جس میں 22 ملکوں سے علاقائی خواتین پارلیمنٹرینز کو بلایا جائے گا۔ایشین فورم آف پارلیمنٹرینز آن پاپولیشن اینڈ ڈویلپمنٹ کے پیر (12 اگست) سے شروع ہونے والے ‘صنفی بااختیار بنانے اور سبز معیشت’ کے موضوع پر ہونے والے دو روزہ اجلاس کے حوالے سے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رومینہ خورشید عالم نےکہا کہ خواتین پارلیمنٹیرینز بطور مندوبین اجلاس میں خواتین پر موسمیاتی تبدیلی کے اثرات اور سبز معیشت میں ان کے کردار پر تبادلہ خیال کریں گی۔انہوں نے کہا کہ یہ پارلیمنٹیرینز ذاتی تجربات اور علم کا اشتراک کرنے کے لئے اکٹھے ہوں گے اور آبادی اور موسمیاتی تبدیلی جیسے چیلنجوں کے لئے علاقائی حل پر غور کریں گے جو خطے میں انسانی سلامتی کے لئے سنگین خطرات کا باعث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 1982 میں پاکستان اس فورم کا بانی رکن تھا جب کہ 1994 کی اے پی ایف ایف ڈی کانفرنس میں اس وقت کی وزیر اعظم بے نظیر بھٹو نے عالمی تحریک میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا تھا۔وزیراعظم کی معاون نے کہا کہ پاکستان کے پاس 12 سے 13 اگست تک اے پی ایف ایف ڈی کی دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس کی میزبانی کا بہترین موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ دو روزہ عالمی کانفرنس کے نتائج بعد میں وزیر اعظم کی سرپرستی میں منعقد ہونے والی خصوصی بریفنگ میں میڈیا کے ساتھ شیئر کیے جائیں گے۔