پیرس۔(اسپورٹس ڈیسک ):پیرس اولمپکس 2024ء میں جیولین تھرو ایونٹ کے فائنل میں تاریخ رقم کرنے والے پاکستان کے ارشد ندیم کو پیرس میں تقریب کے دوران گولڈ میڈل پہنایا گیا۔ پاکستان کا قومی ترانہ بجایا اور سبز ہلالی پرچم سربلند کیا گیا۔ ارشد ندیم نے جیولین تھرو ایونٹ کے فائنل میں 92.97ء میٹر کی تھرو کرکے نہ صرف گولڈ میڈل جیتا بلکہ اولمپکس کا تاریخی ریکارڈ بھی اپنے نام کیا، یہ انفرادی اولمپک مقابلوں میں پاکستان کا پہلا گولڈ میڈل ہے۔جمعہ کے روز پیرس اولمپکس 2024ء کے 13 ویں روز فائنل جیتنے والے کھلاڑیوں کو میڈلز دینے کی تقریب منعقد ہوئی ۔ جیولین تھرو ایونٹ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے پاکستان کے مایہ ناز ایتھلیٹ ارشد ندیم کو وکٹری سٹینڈ پر گولڈ میڈل پہنایا گیا ۔فرانس میں پاکستان کے سفیر عاصم افتخار احمد نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ ارشد ندیم نے فائنل رائونڈ میں دو مرتبہ 90 می سے زائد تھرو پھینکی جو ایک ریکارڈ ہے ارشد ندیم نے 92.97 میٹر کی تھرو کرکے اولمپکس کا تاریخی ریکارڈ بھی اپنے نام کیا، بھارت کے نیرج چوپڑا کو سلور میڈل اور گرینیڈا کے اینڈرسن پیٹرس کو کانسی کا تمغہ ملا ہے ۔پاکستان نے اولمپکس میں 32 سال بعد کوئی میڈل جیتا ہے ۔ اس سے قبل پاکستان ہاکی ٹیم نے 1992ء اولمپکس مقابلوں میں برائونز میڈل حاصل کیا تھا۔ ارشد ندیم پاکستان کو اولمپکس کھیلوں میں گولڈ میڈل جتوانے والے پہلے انفرادی ایتھلیٹ ہیں۔ ارشد ندیم کو اس تاریخی کامیابی پر دنیا بھر سے مبارکباد کے پیغامات موصول ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔