اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے اسرائیلی میڈیا میں شائع ہونے والی ان رپورٹس کی تردید کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دیا ہے جن میں پاکستان کی جانب سے ایران کی حمایت کے لئے ممکنہ طور پر جوہری ہتھیار بھیجنے کے عزم کا الزام لگایا گیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے جمعہ کو اپنی ہفتہ وار پریس بریفنگ میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے یروشلم پوسٹ کی 6 اگست کی اس رپورٹ کو مسترد کردیا جس میں الزام لگایا گیا ہے کہ اگر ایران اور اسرائیل کے درمیان تنازعہ بڑھتا ہے تو پاکستان ایران کو شاہین تھری درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل فراہم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ایسی خبریں صریحاً جھوٹی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کی رپورٹس پر کوئی توجہ دینے سے پہلے یہ ضروری ہے کہ ایسی بے بنیاد رپورٹس کے پیچھے ماخذ اور ان کے پیچھے موجود بدنیتی پر مبنی ایجنڈے پر غور کیا جائے۔ ترجمان نے کہا کہ یہ مشرق وسطی میں ایک نازک وقت ہے، اس لئے ہم میڈیا سمیت تمام فریقین سے گزارش کرتے ہیں کہ وہ جعلی خبروں کو پھیلانے میں ملوث نہ ہوں۔