لاہور( کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ نے عدلیہ، فوج اور الیکشن کمیشن کیخلاف سوشل میڈیا پر منظم مہم کے خلاف درخواست میں درخواست گزار کو ترمیم کرنے کی ہدایت کر دی۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے میاں داﺅد کی درخواست پر سماعت کی۔عدالت نے درخواست گزار کو ترمیم کی ہدایت کرتے ہوئے قرار دیا کہ ترمیم کے بعد دوبارہ درخواست دائر کریں پھر اسے پانچ رکنی لارجر بنچ کے پاس بھجوائیں گے۔ جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے ریمارکس دیئے کہ اداروں کے خلاف مہم اہم معاملہ ہے، اس ایشو کو ایک ہی مرتبہ طے ہونا چاہیے ۔
درخواست کے متن سے لگتا ہے کہ یہ ایک مخصوص سیاسی جماعت کے خلاف ہے، اس درخواست کو عمومی نوعیت کا ہونا چاہیے کیونکہ یہ ایک اہم ایشو چل پڑا ہے۔وکیل نے دلائل میں کہا کہ اس وقت پی ٹی آئی ہی عدلیہ اور فوج کے خلاف منظم مہم چلا رہی ہے، آئین و قانون میں آزادی اظہار رائے کی اجازت ہے مگر مسلسل منظم مہم چلانا جرم ہے لہٰذااداروں کیخلاف سوشل میڈیا پر منظم مہم روکنے کیلئے حکومت کو پالیسی بنانے کا حکم دیا جائے۔