لاہور۔(شوہر رپورٹر )برصغیر کی معروف پاپ سنگر نازیہ حسن کی 24 ویں برسی 13اگست کومنائی جائے گی۔ نازیہ حسن 13اگست 2000 کو اس دنیا سے رخصت ہو گئی تھیں۔ نازیہ حسن 3اپریل 1965 کو کراچی میں پیدا ہوئیں ۔انہوں نے اپنا بچپن کراچی اور لندن کے تعلیمی اداروں میں گزارا ۔1980 میں نازیہ حسن صرف 15برس کی عمر میں اس وقت شہرت کی بلندیوں پر پہنچ گئیں جب انہوں نے بھارتی فلم ساز فیروز خان کی فلم قربانی میں”آپ جیسا کوئی میری زندگی میں آئے تو بات بن جائے ” گایا جو کہ اداکارہ زینت امان پرپکچرائز کیا گیا ۔نازیہ حسن نے پی ٹی وی پر متعدد پروگرام اور ٹی وی کمرشلز میں بھی کام کیا۔ نازیہ حسن نے اپنے بھائی زوہیب حسن کے ساتھ مل کر پاکستانی موسیقی میں ایک نئی جہت روشناس کروائی ۔انہوں نے 80کی دہائی میں موسیقی میں مغربی انداز متعارف کروایا جسے پاکستانی نوجوان نسل کے ساتھ بیرون ملک بھارت،امریکہ،عرب امارات،لاطینی امریکہ سمیت دنیا بھر میں بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی۔اسی وجہ سے نازیہ حسن کو پاپ موسیقی کے بانیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔نازیہ حسن 13اگست2000 کو لندن کے ایک ہسپتال میں صرف 35برس کی عمر میں انتقال کر گئی تھیں۔وہ کینسر کے موذی مرض میں مبتلا تھیں۔نازیہ حسن کو پرائیڈ آف پرفارمنس ،بیسٹ فی میل پلے بیک ایوارڈ،15گولڈ ڈسکس سمیت متعدد ایوارڈز سے نوازا جا چکا ہے ۔