اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی )وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام کی ترقی و خوشحالی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، بلوچستان کے معدنی ذخائر سے بھرپور استفادہ کرنے کے حوالے سے چاغی منرل راہداری کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔ بدھ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے سابق چئیر مین سینیٹ اور رکن بلوچستان اسمبلی صادق سنجرانی نے ملاقات کی۔ اس موقع پر صوبہ بلوچستان سے متعلق مختلف
امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کی ترقی و خوشحالی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، بلوچستان کے معدنی ذخائر سے بھرپور استفادہ کرنے کے حوالے سے چاغی منرل راہداری کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے، چاغی منرل راہداری میں کئی منصوبے زیرِ غور ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ چاغی اور گر دو نواح کے علاقوں کے معدنی ذخائر کی گوادر بندرگاہ تک رسائی ممکن بنانے کے لئے چاغی سے گوادر تک ریلوے لائین تعمیر کی جائے گی ، چاغی میں بجلی سپلائی کا نظام بہتر بنانے کے حوالے سے گرڈ سٹیشن قائم کیا جا رہا ہےجبکہ علاقے میں پانی کی بلا تعطل فراہمی کے حوالے سے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ سابق چئیر مین سینیٹ نے بلوچستان کی ترقی و خوشحالی میں خصوصی دلچسپی لینے پر اور اس حوالے سے عملی اقدامات پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے وزیراعظم کو نوکنڈی شہر کی ترقی کے حوالے سے نوکنڈی ماسٹر پلان کی حکمت عملی پر بریفنگ دی ۔