اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے پولیو عائشہ رضا فاروق نے کہا ہےکہ صوبہ بلوچستان میں پولیو کا پھیلاؤ زیادہ ہے، قلعہ عبداللہ میں 11 ماہ کے بچےمیں پولیو وائرس کی تصدیق تشویشناک ہے۔ بدھ کو وزارت صحت سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں پولیو کا پھیلاؤ زیادہ ہے خاص طور پر کوئٹہ، چمن اور قلعہ عبداللہ جیسے اضلاع میں جو ماضی میں وائرس کا گڑھ رہے ہیں اور قلعہ عبداللہ میں 11 ماہ کے بچےمیں پولیو وائرس کی تصدیق تشویشناک ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ گذشتہ ہفتے بلوچستان کے دورے پر وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملی ہیں اور صوبائی حکومت ہنگامی بنیادوں پر اس صورت حال سے نمٹ رہی ہے۔ستمبر میں شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کی تیاریوں میں پولیو پروگرام کی نیشنل پولیو منیجمنٹ ٹیم کا اجلاس بھی رواں ہفتے جاری ہے۔عائشہ رضا نے کہا کہ پولیو وائرس ہماری خامیوں کو ظاہر کرتا رہا ہے، جیسے کہ کن علاقوں میں بچے پولیو ویکسین یا حفاظتی ٹیکوں سے محروم رہ گئے ہیں۔ ہم ہمارے صوبائی ساتھیوں کے ساتھ مل رہے ہیں تاکہ ان کمیوں کو پورا کیا جائے اور وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جائے۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ ہفتوں میں پولیو پروگرام نے تمام صوبوں کے ساتھ مشاورت کے ساتھ ایک وسیع جائزہ لیا ہے اور وائرس کی منتقلی کو روکنے کے لیے ایک جامع روڈ میپ کو نافذ کرنے کے عمل میں ہے، خاص طور پر پولیو سے زیادہ خطرے میں اضلاع میں۔ہر بچے کے لیے پولیو ویکسین کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پولیو پروگرام سال میں متعدد بار شہریوں کی دہلیز پر پولیو ویکسین پہنچاتا ہے جس میں والدین کے تعاون کی سب سے زیادہ اہمیت ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان کے پانچ سال سے کم عمر کے تمام بچے ہر بار پولیو سے بچاؤ کے قطرے پیئں۔