اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے کی اصلاحات اور ڈیجیٹائزیشن کیلئے لائحہ عمل پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے،ہمارا وژن ہے کہ ہر شخص کے پاس سمارٹ فون ، ہر گھر میں براڈ بینڈ انٹرنیٹ اور ہر کاروبار میں کیو آر کوڈ کی سہولت ہو۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار بدھ کو یہاں جی ایس ایم ایسوسی ایشن ایشیاء پیسفک کے سربراہ جولئین گورمین کی قیادت میں جی ایس ایم اے کے چار رکنی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے وزیراعظم سے یہاں ملاقات کی۔وزیراعظم نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ٹیلی کمیونیکیشن اور انفارمیشن
ٹیکنالوجی کی ترویج کے حوالے سے اسلام آباد میں ڈیجیٹل نیشنل سمٹ کا انعقاد انتہائی خوش آئند ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹائزیشن کے حوالے سے اقدامات میں جی ایس ایم اے کا انتہائی بنیادی اور اہم کردار ہے ، انفارمیشن ٹیکنالوجی شعبے کی اصلاحات اور ڈیجیٹائزیشن کیلئے لائحہ عمل پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی کی انٹرنیٹ تک بہتر رسائی ، ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی بہتری، ای۔گورننس، نوجوانوں میں ڈیجیٹل سکلز کی پیشہ وارانہ تربیت اور جدت اور اس شعبے میں کاروبار کے فروغ پر توجہ مرکوز کی گئی ہے ۔وزیراعظم نے کہا کہ آئی ٹی اور ٹیلی کام کے شعبوں کی ترقی کے حوالے سے وفاقی حکومت نے اس مالی سال میں تاریخی ترقیاتی بجٹ مختص کیا ہے ، ملکی آئی ٹی برآمدات میں اضافہ کے لئے ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا وژن ہے کہ ہر شخص کے پاس سمارٹ فون ، ہر گھر میں براڈ بینڈ انٹرنیٹ اور ہر کاروبار میں کیو آر کوڈ کی سہولت ہو ۔وفد نے وزیراعظم کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں ٹیلی کام سروسز کے فروغ کے حوالے سے جی ایس ایم اے کے کردار کے حوالے سے آگاہ کیا ۔ وفد نے حکومت پاکستان کے ساتھ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کام کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر دلچسپی کا بھی اظہار کیا۔ ملاقات میں وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ ، چئیر مین پاکستان ٹیلی کمیونیکیشنز اتھارٹی میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمن اور دیگر متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران بھی موجود تھے۔