راولپنڈی (نمائندہ خصوصی ):وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کا مطالبہ ہمارا ایجنڈا ہے، جماعت اسلامی کے ساتھ بہت سے معاملات پر اتفاق ہو گیا ہے، آئی پی پیز کے معاملات کی جانچ پڑتال کے لئے ٹاسک فورس کا قیام عمل میں آ چکا ہے، کل (جمعرات) شام کو جماعت اسلامی سے مذاکرات کی مزید ایک نشست ہوگی۔یہ بات انہوں نے بدھ کو یہاں کمشنر آفس راولپنڈی میں جماعت اسلامی اور حکومتی مذاکراتی ٹیم کے درمیان مذاکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ جماعت اسلامی سے آج مثبت بات چیت ہوئی ہے، کچھ معاملات تحریری طور پر طے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمتیں کم کرنا وزیراعظم محمد شہباز شریف کا ایجنڈا ہے، 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو 50 ارب روپے کی سبسڈی دی گئی ہے جو جون، جولائی اور اگست کے مہینے کیلئے ہے۔انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز کے معاملات کی جانچ پڑتال کے لئے ٹاسک فورس کا قیام عمل میں آ چکا ہے، وزیراعظم شہباز شریف ان اقدامات پر عمل پیرا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا مطالبہ ہمارا ایجنڈا ہے، بہت سے معاملات پر اتفاق ہوگیا ہے، مزید معاملات پر اتفاق ہونا ہے، کل تک مذاکرات کا دور ملتوی کیا گیا ہے، کل شام کو جماعت اسلامی کے ساتھ مزید ایک نشست ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی مذاکرات میں کافی پیشرفت ہوئی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مارچ کرنا جماعت اسلامی کا جمہوری حق ہے، حکومت سہولت فراہم کرے گی۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے سیالکوٹ میں گرفتار کارکنوں کو رہا کر دیا گیا ہے۔ قبل ازیں جماعت اسلامی اور حکومتی مذاکراتی ٹیم کے درمیان کمشنر آفس راولپنڈی میں مذاکرات ہوئے۔ حکومتی مذاکراتی ٹیم میں وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ، وزیر داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیر امور کشمیر و سیفران انجینئر امیر مقام، مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور وزیراعظم کے میڈیا کوارڈینیٹر بدر شہباز وڑائچ سمیت آر پی او راولپنڈی اور کمشنر راولپنڈی شامل تھے جبکہ جماعت اسلامی کے وفد کی قیادت لیاقت بلوچ نے کی۔ مذاکرات میں کئی معاملات پر گفتگو ہوئی۔ جمعرات کو جماعت اسلامی کے ساتھ حکومتی مذاکراتی ٹیم کے دوبارہ مذاکرات ہوں گے۔