اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )پاک بحریہ کے جہاز یرموک نے ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پٹرول (RMSP) پر تعیناتی کے دوران بحرین کی بندرگاہ میناء سلمان کا دورہ کیا۔ بندرگاہ پہنچنے پر بحرین نیوی کے اعلیٰ حکام اور پاکستانی سفارتخانے کے حکام نے جہاز کا استقبال کیا۔ بعد ازاں پی این ایس یرموک کے کمانڈنگ آفیسر نے کمانڈر رائل بحرین نیول فورس، ریئر ایڈمرل احمد محمد ابراھیم آل بن علی، کمانڈر رائل بحرین کوسٹ گارڈز بریگیڈیئر ثاقب قمر اور بحرین نیوی کے دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں۔ کمانڈنگ آفیسر نے کمبائنڈ میری ٹائم فورسز (CMF) کے ہیڈ کوارٹرز کا بھی دورہ کیا اور ڈپٹی کمانڈر کموڈور مارک اینڈرسن (Mark Anderson) سے ملاقات کی۔ان ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے پیشہ وارانہ امور پر تبادلہ خیال اور دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ بندرگاہ میناءسلمان میں قیام کے دوران بحرین میں مقیم پاکستانی سفیر، کمانڈر میری ٹائم کولیشن فورسز ،بحرین بحریہ کے حکام، ممتاز کاروباری شخصیات، پاکستانی کمیونٹی کے معززین اور دوست ممالک کے سفارتکاروں کی بڑی تعداد نے پاک بحریہ کے جہاز یرموک کا دورہ کیا۔ مختلف دوطرفہ سرگرمیاں بشمول جنگی بحری جہازوں اور فوجی تنصیبات کے دورے بھی کیے گئے۔بندرگاہ کے دورے کے اختتام پر، پاک بحریہ کے جہاز یرموک نے رائل بحرین بحریہ کے جہاز المنامہ، امریکی جہاز ڈینیئل انوئے(DANIEL INOUYE ) اور جاپانی میری ٹائم سیلف ڈیفنس فورس (JMSDF) کے جہاز جے ایس سمیدارے (SAMIDARE JS )کے ساتھ مختلف اوقات میں باہمی مشقوں کا انعقاد کیا۔ مشقوں کا مقصد بحری افواج کے ساتھ ہم آہنگی اور باہمی تعلقات کو فروغ دینے کے علاوہ خطے میں مشترکہ آپریشنز کی صلاحیت کو فروغ دینے کی مشق کرنا تھا۔
پاکستان بحریہ بحر ہند میں قومی اور بین الاقوامی سمندری راستوں اور تجارتی گزرگاہوں کی نگرانی کے لیے مستقل موجودگی برقرار رکھے ہوئے ہے۔ پاک بحریہ سمندر میں قانون کی عملداری قائم رکھنے کے لیے باہمی تعاون پر یقین رکھتی ہے۔ مزید برآں پاکستان بحریہ عالمی بحری تجارتی گزرگاہوں کی حفاظت کے لئے، بحری قزاقی اور منشیات کی سمگلنگ کے خلاف آپریشنز میں بحر ہند میں تعینات ہے اور ان مشترکہ عالمی مقاصد کے حصول کے لئے علاقائی اور بین الاقوامی بحری افواج کے ساتھ مل کر اہم کرادار ادا کر رہی ہے۔