کراچی(فیاض آرائیں سے)بلدیہ عظمی کراچی میں چارجڈ پارکنگ کے ٹھیکوں کی نیلامی میں شدید ہنگامہ آرائی،پارکنگ مافیا کے کارندوں نے کے ایم سی افسران پر اسلحہ تان لیا،بلدیہ عظمی کراچی کے ہیڈ آفس کے اندر ہونے والی نیلامی میں اسلحہ بردار افراد کی موجودگی پر زبردست بھگدڑ مچ گئی،نیلامی کرنے والی کمیٹی کے افسران خوف زدہ ہوکر بھاگ کھڑے ہوئے اورنیلامی کا عمل روک دیا گیا،پارکنگ مافیا کے کارندے میئر کراچی مرتضی وہاب اور افسران کو مغلظات بکتے رہے،کے ایم سی ہیڈ آفس میں ایک گھنٹے تک ہلڑ بازی جاری رہی بعدازاں شرپسند عناصر باآسانی فرار ہونے میں بھی کامیاب ہوگئے،کار سرکار میں مداخلت اور افسران کو ہراساں کئے جانے پر میئر کراچی کی ہدایت پر عبداللہ اور شمیم نامی افراد سمیت دیگر نامعلوم افراد کیخلاف ایف آئی آر درج کرادی گئی۔تفصیلات کے مطابق بلدیہ عظمی کراچی کے مرکزی دفتر کے ایم سی بلڈنگ میں چارجڈ پارکنگ کے ٹھیکوں کی نیلامی کے دوران ٹھیکیداروں اور افسران کے مابین تلخ کلامی شروع ہوگئی جو کہ بعدازاں ہاتھا پائی تک پہنچ گئی جبکہ اس دوران شرپسند افراد کی جانب سے افسران پر اسلحہ بھی تان لیا گیا،ٹھیکیداروں کا کہنا تھا کہ انہیں افسران کی جانب سے یقین دلایا گیا تھا کہ نیلامی ان سے طے شدہ شیڈول کے مطابق کی جائے گی مگر یہاں صورتحال مختلف ہے، مشتعل افراد کی جانب سے کے ایم سی افسران اور عملے پر حملہ کرنے کی کوشش بھی کی گئی نیلامی میں موجود ٹھیکیداروں کی جانب سے افسران کا گریبان پکڑ کر انہیں گالیاں دی گئیں۔ جس پر نیلامی کا عمل منسوخ کر دیا گیا ،درج کرائی گئی ایف آئی آر کے مطابق مشتعل پارکنگ مافیا اور ان کے کارندوں نے افسران پر اسلحہ بھی تان لیا اور انہیں خوفزدہ کرنے کی کوشش کی ،تاہم بعدازاں کارسرکار میں مداخلت پر میئر کراچی کے حکم پر سٹی کورٹ پولیس اسٹیشن میں عبداللہ اور شمیم نامی افراد سمیت دیگر نامعلوم افراد کیخلاف ڈپٹی ڈائریکٹر چارجڈ پارکنگ وسیم سراج کی مدعیت میں ایف آئی آر درج کرادی گئی ہے،اس حوالے سے سینئر ڈائریکٹر چارج پارکنگ نبیل بلوچ کا کہنا ہے کہ چند شرپسند عناصر نے کار سرکار میں مداخلت کی ہے اگر انہیں کسی افسر سے کوئی شکایت ہے تو اس کیلئے ادارے موجود ہیں وہاں شکایت درج کرائیں یا میئر کراچی کے پاس شکایت درج کرائی جاسکتی ہے لیکن شرپسند افراد نے نیلامی کے دوران ہنگامہ آرائی کی ہے جس کی ایف آئی آر درج کرادی گئی ہے انہوں نے کہا کہ آج 7 اگست کو ہونی والی نیلامی شیڈول کے مطابق ہوگی اور سکیورٹی کے سخت انتظامات بھی کئے جائینگے…