اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی )ملک میں مثبت ماحولیاتی تبدیلی کو فروغ دینے کے لئے سرگرم موبی لنک بینک نے حال ہی میں ای بائیک کے قرضوں کے اجرا کا اعلان کیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد لوگوں کو باسہولت اور ماحول دوست ٹرانسپورٹیشن کے حل کے ساتھ بااختیار بنانا ہے۔منگل کو جاری بیان کے مطابق اس اقدام کو پاکستان کے معروف الیکٹرک موٹر سائیکل مینوفیکچرر پاک زون الیکٹرک موٹرز (پرائیویٹ)لمیٹڈ کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت کے ذریعے باضابطہ شکل دی گئی۔ اس سہولت کے ذریعے بینک اپنے تمام صارفین کو خصوصی فوائد فراہم کر رہا ہے جس میں پاک زون ڈیلرشپ سے خریدی جانے والی ای موٹر سائیکلوں پر 6 فیصد رعایت، پاک زون تھری ایس ڈیلرشپس پر 3 اعزازی چیک اپ اور دو، تین اور چار پہیوں والی گاڑیوں کی ایک سالہ بیٹری وارنٹی شامل ہے جس کی بدولت ای بائیک کی ملکیت کا حصول زیادہ سہل اور کم لاگت میں ہوگا۔موبی لنک بینک،ویون گروپ کا حصہ ہے جو عالمی ڈیجیٹل آپریٹر ہے اور چھ ممالک میں 160ملین صارفین بھرپور کنیکٹوٹی اور آن لائن خدمات فراہم کرتا ہے جو دنیا کی آبادی کا 7فیصد حصہ ہیں۔ موبی لنک بینک کے چیف بزنس آفیسر عطاء الرحمان نے کہا کہ ہم اپنے ‘چینج ٹو سسٹین’ پروگرام کے تحت کاربن کے اخراج کو کم کرنے اور اپنے صارفین کو بھی اس میں کمی لانے کے قابل بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ ہماری تازہ کاوش ای بائیک لون ہے جو لوگوں اور ماحولیات کے لئے عملی حل پیش کرتی ہے۔ الیکٹرک بائیکس کے لئے آسان فنانسنگ کی فراہمی سے ہم بالخصوص خواتین کو بااختیار بنانے اور خود انحصاری کے کلچر کو فروغ دینے کیلئے کوشاں ہیں۔اس اقدام سے خواتین کو درپیش رکاوٹیں ختم کرنے میں ہمیں مدد ملتی ہے، وسائل تک مساوی رسائی کو فروغ ملتا ہے اور سب کے لئے سرسبز اور زیادہ پائیدار مستقبل کی راہ ہموار ہوتی ہے۔ اس اقدام کے ذریعے بینک ای بائیک کی قبولیت کو فروغ دینے، کاربن کے اخراج کو کم کرنے اور شہری نقل و حرکت کو بڑھانے کے لئے کوشاں ہے۔ بینک بالخصوص شہری علاقوں میں ای بائیک کی رسائی بڑھا کر اس اقدام کے تحت اگلے دو سالوں میں کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج میں 100 میٹرک ٹن کمی لانے کے لیے پرعزم ہے۔پاک زون الیکٹرک موٹرز (پرائیوٹ)لمیٹڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر شاہ زیب امجد نے کہا کہ یہ شراکت داری الیکٹرک وہیکل کے شعبے میں جدت اور بہترین کارکردگی کے مشترکہ وژن کی عکاسی کرتی ہے۔ ہم پراعتماد ہیں کہ اس اشتراک سے بڑی پیش رفت اور مشترکہ ترقی کی راہ ہموار ہوگی۔ یہ خوشحالی اور تبدیلی کی جانب اکھٹا سفر ہے۔ ہماری دعا ہے کہ ہماری اجتماعی کاوشیں کامیاب ہوں اور اس انڈسٹری میں نئے معیار قائم کریں۔ سال 2024 میں قابل تجدید توانائی کی فنانسنگ اور ماحولیاتی انتظام کے لیے پندرہ برانچز کی سولرائزیشن کے حوالے سے 2.5 ارب روپے مختص کرنے سے بینک کے پختہ عزم کو مزید تقویت ملتی ہے۔