اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال سے ہواوے کے وفد نے منگل کے روز ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ وفد میں سی ای او ہواوے پاکستان ایتھن سن، ڈائریکٹر سبسڈری بورڈ اور ڈپٹی سی ای او احمد بلال مسعود اور نائب سی ای او یوشاوننگ شامل تھے۔ملاقات میں ہواوے کے پاکستان میں ڈیجیٹلائزیشن کے تازہ ترین اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے وفد کے ساتھ اپنی پچھلی ملاقات میں اسلام آباد کو ایک ماڈل سمارٹ سٹی کے طور پر شروع کرنے کی تجویز پیش کی تھی جس میں نئے دور کی معیشت کے لیے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر
کی فراہمی کی اہمیت پر زور دیا گیا تھا۔ ملاقات کے دوران وفاقی وزیر کو ہواوے نے مختلف اقدامات پر اپنی ٹیم کی پیشرفت کے بارے میں آگاہ کیا۔ تعلیم کے بنیادی ڈھانچے کو ڈیجیٹائز کرنے اور پسماندہ علاقوں میں طلباء کو سمارٹ ڈیوائسز تک رسائی فراہم کرنے پر غور کیا گیا۔وزیر منصوبہ بندی نے جاری تعلیمی اصلاحات کا ذکر کیا جن میں سمارٹ کلاس رومز کا قیام ترجیحی شعبوں میں شامل ہے۔ ہواوے کے حکام نے وفاقی وزیر کو آگاہ کیا کہ کمپنی کے پاس آن لائن لرننگ مینجمنٹ سسٹم ہے جس میں سمارٹ کلاس روم اقدام کے تحت پاکستان بھر کے طلباء کو نئے آئی سی ٹی کورسز کی تربیت دی جا سکتی ہے۔ اس پر مزید تبادلہ خیال کیا گیا کہ ای گورنمنٹ ایک انتہائی ضروری منصوبہ ہے جسے حکومت کو پیپر لیس بنانے کے ہدف کو پورا کرنے کے لیے بنایا گیا ہے۔پاکستان میں ڈیجیٹل تبدیلی کے لیے ہواوے کے منصوبے کو سراہتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ جدت اور کارکردگی کا ایک مضبوط ڈیجیٹل ایکو سسٹم ہی پاکستان کو 21ویں صدی کی ڈیجیٹل ضروریات کو پورا کرنے کے قابل بنا سکتا ہے، پاکستان کے ڈیجیٹل مستقبل کی تعمیر کے لیے ہواوے کا تعاون قابل تعریف ہے۔