اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستانی اتھلیٹ ارشد ندیم کو اولمپکس 2024 کے جولین تھرو کے مقابلوں کے فائنل رائونڈ میں کوالیفائی کرنے پر مبارکباد دی ہے ۔منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ ارشد ندیم نے اپنی شاندار کارکردگی اور انتھک محنت سے پوری قوم کے دل جیت لئے ہیں،جولین تھرو کھیل کی ترویج کے لیے ارشد ندیم کی خدمات قابل قدر ہیں اور ان کی محنت اور لگن نوجوانوں کے لیے مشعل راہ ہے ۔وزیراعظم نے کہا کہ مارچ 2024 میں وزیراعظم ہائوس میں ارشد ندیم سے ملاقات کر کے دلی خوشی ہوئی ،پاکستان میں بے پناہ ٹیلنٹ ہے، اسے مزید نکھارنے کی ضرورت ہے،حکومت پاکستان میں بین الاقوامی سطح کے مقابلوں میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی جاری رکھے گی۔وزیراعظم نے اولمپکس 2024 میں ارشد ندیم کی کامیابی کے لئے دعا کی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔