کراچی ( نمائندہ خصوصی ) سندھ حکومت نے مقبوضہ جمموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر نے کے بھارت کے غیر قانونی اقدام کے خلاف یوم استحصال منایا اس موقع پر کراچی انتظامیہ نے صوبائی وزیر توانائی ناصر حسین شاہ کی قیادت پیپلز چورنگی سے مزار قائد تک کشمیر یوں کے ساتھ بھرپور اظہار یکجہتی کرتے ہوئے یوم استحصال ریلی منعقد کی ۔ریلی میں وزیر اعلی سندھ کے اسپیشل اسسٹنٹ وقار مہدی راجویر سنگھ کمشنر کراچی سید حسن نقوی مختلف محکموں کے سیکریٹریز تمام ڈپٹی کمشنرز تمام اسسٹنٹ کمشنرز کمشنر کراچی اور تمام ضلعی انتظامیہ کا عملہ محکمہ تعلیم کے افسران اساتذہ اور اسکول کے بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔مزار قائد پر واک کے اختتام کے بعد شرکا سے صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ اور کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے خطاب کیا ۔ناصر حسین شاہ نے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر نے کے بھارت کے اقدام کو غیر قانونی اور اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کے فیصلوں کی صریحا خلاف ورزی قرار دیا انھوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کشمیر کی جدوجہد آزادی میں ہمیشہ کشمیریوں کے ساتھ رہے ہیں اور ان کی اخلاقی سفارتی آور سیاسی حمایت جاری رکھیں گے ۔کمشنرکراچی سید حسن نقوی نے خطاب میں کہا کہ یوم استحصال ریلی اس عزم کا اظہار ہے کہ پاکستان کی حکومت اور عوام بھارت کے فیصلہ کو تسلیم نہیں کرتے اور اقوام متحدہ سمیت دنیا کے ہر فورم پر کشمیریوں کے حق استصواب راے کی حمایت کرتے رہیں گے.