اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ امن، سیاسی استحکام اور پالیسیوں کا تسلسل معیشت کی ترقی کے لئے ناگزیر ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو فائیو ایز فریم ورک پر عملدرآمد اور حکمت عملی کا جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ فائیوایز فریم ورک کے تحت کثیر الجہتی حکمت عملی 2022 میں ایک ہزار سے زائد ماہرین کی مشاورت سے تیار کی گئی، حکومت نے 2022 میں ٹرن ارائونڈ کانفرنس کا انعقاد کیا جس میں تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ماہرین نے شرکت کی، فائیو ایز فریم ورک قلیل المدتی سے طویل المعیاد بنیادوں پر حکمت عملی کا احاطہ کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایکسپورٹ پر مبنی ترقی سے تجارتی اور کرنٹ اکائونٹ خسارے کم کرنے میں مدد ملے گی، معیشت کے استحکام کے لئے ہر شعبے میں پیداوریت کی شرح بڑھانے کی ضرورت ہے ، موسمیاتی تبدیلی پاکستان میں آبی اور خوراک کے تحفظ کے لیے ایک سنگین چیلنج ہے ،بڑھتی ہوئی آبادی اور وسائل کے استعمال کی موثر منصوبہ بندی کا فقدان ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہے۔ترقی کے شعبوں میں خواتین کی شرح کم سے کم 50 فیصد کرنے کی ضرورت ہے،پاکستان کی 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے ، نوجوانوں کو روشن مستقبل دینا حکومت کی ذمہ داری ہے ۔انہوں نے کہا کہ علاقائی اور سماجی ناہمواریوں کی وجہ سے پاکستانی معیشت ترقی نہ کر سکی، امن، سیاسی استحکام اور پالیسیوں کا تسلسل معیشت کی ترقی کے لئے ناگزیر ہے،بڑھتے معاشی دبائو کی وجہ سے متوسط طبقے پر دبائو بڑھا، غربت اور بڑھتی ہوئی عدم مساوات سماج کے لیے شدید خطرے کا باعث ہے ۔