اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ):حریت رہنما یاسین ملک کی صاحبزادی رضیہ سلطانہ نے کہا ہے کہ ہندوستان کشمیر میں بسنے والے بچوں سے بھی خوفزدہ ہے اور وہ ان کے خلاف بھی طاقت کا استعمال کر رہا ہے لیکن وہ یاد رکھے کہ کشمیری بہادر بچے کشمیر کی آزادی تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے اور کشمیر ضرور آزاد ہو گا۔ یوم استحصال کے موقع پر ریڈیو پاکستان کو دیئے گئے انٹرویو میں رضیہ سلطانہ نے کہا کہ کشمیریوں نے اپنی زندگی آزادی کیلئے وقف کر دی ہے، میرے والد کشمیر کے قائداعظم ہیں جنہوں نے اپنی ساری زندگی کشمیر کی آزادی کیلئے وقف کی ہے، اسی وجہ سے بھارت نے انہیں پابند سلاسل رکھا ہوا ہے تاہم ہم کبھی بھی اپنے مقصد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم آزادی تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے، ہم کبھی بھی آزادی پر سمجھوتہ نہیں کریں گے، میں یاسین ملک اور کشمیر کی بیٹی ہوں، ہم کبھی بھی اس جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی والد سے کئی سالوں سے فون پر بھی بات نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے بچوں سے اپیل ہے کہ وہ اپنے آبائو اجداد کے کشمیریوں کو استصواب رائے دینے کے وعدے پر عمل نہ کرنے کے حوالہ سے ان کے سامنے سوال اٹھائیں، یہ ہمارا حق ہے، ہندوستان کا وزیراعظم مودی کشمیری بچوں سے بھی خوفزدہ ہے، وہ ان کے خلاف پیلٹ گنز کا استعمال کرتا ہے، ان کے سکول جلاتا ہے لیکن کشمیری بچے بہادر ہیں، وہ کبھی بھی ان کے سامنے نہیں جھکیں گے۔انہوں نے مودی کو پیغام دیا کہ جو ڈرامہ اس نے رچایا ہوا ہے اس میں وہ ناکام ہو گا، مودی بزدل ہے جو بچوں پر ظلم کرتا ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ سے سوال کیا کہ کشمیر کے بچے کیوں اپنے والدین، گھروں اور سکولوں سے محروم کئے جا رہے ہیں، اقوام متحدہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کیلئے ان کی مدد کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیر کے مسئلہ پر ہماری مدد کی ہے اور ہمیشہ کشمیر کیلئے آواز اٹھائی ہے، کشمیریوں کو جلد آزادی ملے گی۔