اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):ایوان بالا نے فلسطینی رہنما اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر انتہائی گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ایک مذمتی قرارداد کی منظوری دی ہے جس میں کہا گیا کہ اسرائیل ایک بین الاقوامی مجرم اور دہشت گرد ریاست کا روپ دھار رہا ہے، تمام ممالک، اسلامی تعاون تنظیم اور بالخصوص اسلامی ممالک متحد ہو کر اسرائیل کو دہشت گرد کارروائیوں سے روکنے اور غزہ کا محاصرہ ختم کرنے کو یقینی بنائیں۔ پیر کو ایوان بالا کے اجلاس میں سینیٹر پلوشہ محمد خان زئی نے قرارداد پیش کی کہ یہ ایوان 31 جولائی 2024 کو تہران میں اسرائیلی صہیونی حملے میں ممتاز فلسطینی رہنما اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر انتہائی گہرے رنج و غم کا اظہار کرتا ہے۔یہ ایوان اسرائیل کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور بیروت میں بلااشتعال بمباری اور فلسطین میں ہزاروں دیگر افراد کے علاوہ 250 معصوم شہریوں کی حالیہ شہادت پرغمزدہ ہے اور اسرائیلی بربریت کی مذمت کرتا ہے۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل ایک بین الاقوامی مجرم اور دہشت گرد ریاست کی روپ دھار رہا ہے جو بلاوجہ مسلمان ملکوں پر حملہ آور ہے۔ سینیٹ آف پاکستان پرزور سفارش کرتا ہے کہ تمام ممالک، اسلامی تعاون تنظیم اور بالخصوص اسلامی ممالک متحد ہو کر اسرائیل کو دہشت گرد کارروائیوں سے روکے اور غزہ کا محاصرہ ختم کرنے کو یقینی بنائیں تاکہ بھوک کے شکار اور زخمی شہریوں کو ہنگامی بنیادوں پر امداد فراہم کی جا سکے اور غزہ پر ہونے والی بمباری کو فوری طور پر روکا جا سکے۔قرارداد پر اظہار خیال کرتے ہوئے سینیٹر پلوشہ خان نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کا فلسطینیوں سے رشتہ چھ دہائیوں پر مشتمل ہے، ذوالفقار علی بھٹو کی قیادت میں 1974ء میں اسلامی سربراہی کانفرنس میں مسلمان رہنمائوں نے اسرائیل کو للکارا۔ اسرائیلی مخالفت کے باوجود محترمہ بے نظیر بھٹو نے غزہ کا دورہ کیا، مسجد الاقصیٰ کے بچوں کو بے دردی سے شہید کیا جا رہا ہے، دنیا کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے، اسرائیل نے ایران اور بیروت پر حملہ کیا، کوئی اسے روکنے والا نہیں، اسرائیل اور بھارت کا گٹھ جوڑ ہے، عالمی عدالت انصاف نے جنگ بندی کا حکم دیا ہے، اس فیصلے کو ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا گیا، اسرائیل جدید اسلحہ سے نہتے بچوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ یہ قرارداد انتہائی اہم ہے، اس قرارداد کی منظوری سے دنیا میں اجتماعی پیغام جائے گا، اسرائیل فلسطین پر مظالم ڈھا رہا ہے اور فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہا ہے، 40 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، اسرائیل نے ایران پر حملہ کیا، بھارت اور اسرائیل کو سب کچھ کرنے کی کھلی چھوٹ ہے، اسرائیل کی ریاستی دہشت گردی میں معصوم بچے، خواتین، بزرگ اور مریضوں کو شہید کیا گیا ہے، اسرائیل کے حالیہ اقدام سے جنگ بندی کی امید دم توڑ گئی ہے، پورا خطہ غیر مستحکم ہو گا، امن عمل کی دھجیاں بکھیر دیں، بھارت اور اسرائیل نسل کشی میں ملوث ہیں اور مقبوضہ علاقوں کو کھلی جیل میں تبدیل کر دیا ہے۔ ایوان نے قرارداد کی متفقہ منظوری دیدی۔