اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی )سیکرٹری وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت محی الدین احمد وانی نے کہا ہے کہ سرکاری اور نجی ادارے ٹیکنالوجی کے ذریعے پاکستان کے تعلیمی شعبے میں انقلاب برپا کرنے کے لئے مشترکہ کوششیں کررہے ہیں، یہ ہم آہنگی علم پر مبنی معیشت کی جانب ہمارے سفر میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے ۔چھٹی انوکسیرا سمٹ2024 پیر کو یہاں مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی جو پاکستان میں منعقد ہونے والی مسلسل دوسری سمٹ تھی۔سمٹ کی افتتاحی تقریب سے اپنے خطاب میں سیکرٹری وفاقی تعلیم نے اہم شعبوں کی ترقی کےحکومت کے عزم کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری اور نجی ادارے ٹیکنالوجی کے ذریعے پاکستان کے تعلیمی شعبے میں انقلاب برپا کرنے کے لئے مشترکہ کوششیں کررہے ہیں، ہم مل جل کر جدت طرازی کو بروئے کار لاتے ہوئے مستقبل کی ضروریات سے ہم آہنگ نسل تیار کر رہے ہیں، ڈیجیٹل عدم مساوات کو ختم کر رہے ہیں اور اپنے نوجوانوں کے لئے لامحدود امکانات کے دروازے کھول رہے ہیں، یہ ہم آہنگی علم پر مبنی معیشت کی جانب ہمارے سفر میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے اور مجھے یقین ہے کہ اس سے پاکستان کے تعلیمی منظر نامے پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔پاکستان میں معروف سپانسرز کی طرف سے انوکسیرا 2024سمٹ کو نمایاں معاونت حاصل رہی جن میں کلاسیرا ، یوفون، پی ٹی سی ایل اور بزنس سلوشنز پلاٹینم سپانسرز جبکہ انٹل اور مائیکروسافٹ نے بطور اسٹریٹجک پارٹنر شرکت کی۔ کلاسیرا کے بانی اورسی ای او انجینئر محمد المدنی نے کہا انوکسیرا صرف ایک سمٹ نہیں بلکہ یہ ملک میں تعلیمی میدان میں تبدیلی کا پیش خیمہ ہے۔کلاسیرا میں ہمارا عزم سمارٹ لرننگ کے مستقبل میں قائدانہ کردارادا کرنا ہے۔پاکستان اور دنیا بھر سے فکری اور بصیرت افروز رہنماؤں اور انوویٹرز کو ایک ساتھ اکٹھا کرکے ہم تعلیم کے شعبے میں ناممکن کو ممکن کررہے ہیں اور تعلیمی کارکردگی کے اعلیٰ معیارات قائم کررہے ہیں۔پی ٹی سی ایل اور یوفون فور جی کے گروپ چیف بزنس سلوشنز آفیسر ضرار ہاشم خان نے کہاکہ پی ٹی سی ایل پاکستان میں ہر بچے کیلئے ترقی کے مواقع میں اضافہ کرنے کیلئے تعلیم نظام اورسیکھنے کے عمل کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے پرعزم ہے،ہم سیکھنے کے عمل میں انقلاب لانے کیلئے ٹیکنالوجی کی طاقت پر یقین رکھتے ہیں یہی وجہ ہے کہ ہم اس شعبے کے اثرات کو بڑھانے کیلئے سرمایہ کاری اور اس شعبہ کو جدید بنانے کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔سمٹ میں نمائش کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں شریک شراکت داروں نے اپنی جدید ترین ایجادات پیش کیں۔ پاکستان کے تعلیمی فریم ورک میں تبدیلی لانے کی اولین کوشش کے طور پر کلاسیرا انکارپوریشن نے پی ٹی سی ایل اور ایچ پی کے اشتراک سے ای تعلیم کے نام سے منصوبہ متعارف کروایا۔ وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کے اشتراک سے تیار کردہ یہ منصوبہ تعلیم میں ٹیکنالوجی کو شامل کرنے اور ایک ایسے مستقبل کی تشکیل کی طرف ایک قدم ہے جہاں پاکستان میں ہر سیکھنے والا تاریخ ساز ڈیجیٹل لرننگ سلوشنز کے ذریعے اعلیٰ معیار کی تعلیم تک رسائی حاصل کرسکے۔ تین سال کے عرصے میں اور 200,000 یوزرزکے ساتھ کلاسیرا کی معاونت چلنے والا ای تعلیم پلیٹ فارم پاکستان میں تعلیم کی متحرک ضروریات کو پورا کرنے کے لیے جدت کی علامت ہے۔جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ای تعلیم کا مقصد روایتی تعلیم کے طریقوں سے ہٹ کر طلباء میں تنقیدی سوچ، تخلیقی صلاحیت، تعاون، مواصلات، اور ڈیجیٹل خواندگی کو فروغ دینا ہے۔ یہ اسٹریٹجک تعاون ٹیکنالوجی اور تعلیم کے شعبوں کے اہم شراکت داروں کو ایک ساتھ لاتا ہے تاکہ طلباء میں 21ویں صدی کی مہارتوں کو پروان چڑھانے اور ترقی دینے والے ماحول کو فروغ دیا جا سکے۔رواں سال کی انوکسیرا سمٹ کے موضوع ’’سکرین سے آگے: تعلیم و تربیت کی حدود کی توسیع‘‘ سے ایک ایسے ایونٹ کے انعقاد میں مدد ملی جس سے جدید تکنیکی ایپلی کیشنز کے ذریعے روایتی تعلیم کی حدود کو وسعت دی جا سکے گی۔ 26 سے زائدمقررین سمیت اس سمٹ میں مختلف پینلز اور خصوصی تقاریر بھی شامل تھیں جن میں تعلیم میں ڈیجیٹل تبدیلی، ای لرننگ کا مستقبل اور کلاس رومز میں مصنوعی ذہانت کے انضمام جیسے اہم موضوعات پر گفتگو کی گئی۔