اسلام آباد۔:پاکستان نے یوم استحصال کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ پیر کو ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 5 اگست 2019 کو بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارت کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کے پانچ برسی کے موقع پر پاکستان کے عوام اور حکومت (آج) پیر بروز منگل یوم استحصال منارہے ہیں۔ بیان کے مطابق اس موقع پر صدر، وزیراعظم، نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے اس موقع پر اپنے خصوصی پیغامات میں کشمیر کاز کے لیے پاکستان کی بھرپور سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم کی قیادت کو خطوط لکھے ہیں تاکہ انہیں 5 اگست 2019 سے بھارتی اقدامات کے سنگین نتائج سے آگاہ کیا جاسکے۔ انہوں نے اپنے خطوط میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عملدرآمد پر زور دیا تاکہ جموں و کشمیر کے عوام کو اپنے مستقبل کا خود فیصلہ کا موقع فراہم کیا جاسکے۔ سیکرٹری خارجہ نے یوم استحصال کے سلسلے میں 2 اگست کو اسلام آباد میں قائم سفارتی مشن کو بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر کی صورت حال سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بین الاقوامی قانون، امن اور سلامتی کے تناظر اور انسانی حقوق کی صورتحال کا تجزیہ کیابیان کے مطابق بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے پیر کی صبح اسلام آباد میں کانسٹی ٹیوشن ایونیو کے ساتھ پارلیمنٹ بلڈنگ تک ایک خصوصی واک کا انعقاد کیا گیا، نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اور وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یوم استحصال منانے کے لیے ملک بھر میں مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ پاکستانی اور کشمیری تارکین وطن کی فعال شرکت کے ساتھ دنیا بھر میں پاکستان کے سفارتی مشن بھی کشمیری عوام کی حالت زار کے بارے میں عالمی سطح پر آگاہی پیدا کرنے کے لیے خصوصی تقریبات کا اہتمام کر رہے ہیں۔