: کراچی(نمائندہ خصوصی )کراچی پریس کلب کے سیکرٹری شعیب احمد کی سربراہی میں وفدنے پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی(پیمرا)کے چیئرمین محمد سلیم سے پیمراہیڈآفس میں ملاقات کی۔وفد میںفیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے)دستور کے صدرحاجی محمد نوازرضا،ممبرگورننگ باڈی کراچی پریس کلب شمس کیریو ،مونا صدیقی اورآر آئی یو جے کے عہدیدران شامل تھے۔ملاقات میں چیئر مین پیمرا سے بول متاثرین کے واجبات کے حوالے سے کونسل آف کمپلینٹس کے طریقہ کاراور بول متاثرین کے کیسزجلد از جلد حل کرنے پر تبادلہ خیال کیاگیا۔سیکرٹری کراچی پریس کلب شعیب احمد نے کہا کہ حکومت کی جانب سے الیکٹرانک میڈیا مالکان کو کھلی چھوٹ دے دی گئی ہے، میڈیا مالکان آپس میں چینلزکی خرید و فروخت کررہے ہیں،جس میں میڈیا ورکرز کے مالی معاملات کو یکسر نظر اندازکیا جارہا ہے ،بول ٹی وی کی خرید و فروخت کا معاملہ بہت واضح ہے جس میں واجبات کی ادائیگی کئے بغیر چینل فروخت کردیا گیا جس سے میڈیا ورکرزکو معاشی مشکلات اور اذیت ناک صورتحال کا سامناکرنا پڑرہا ہے، چینل کے خرید و فروخت کے معاملات میں پیمرا کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ الیکٹرانک میڈیا ورکرز کے واجبات ، کنٹریکٹ لیٹر،بلاجواز برطرفیوں،تنخواہوں میں عدم اضافے اور میڈیکل کی سہولیات نہ ہونے کے معاملات بھی توجہ طلب ہیں۔انہوں نے کہا کہ کونسل آف کمپلینٹس کو صوبوں تک فعال کرنے اور کونسل کے کردار کو مزید موثر بنانے کی ضرورت ہے۔اس موقع پرچیئر مین پیمرا نے وفدکویقین دلایاکہ ہم میڈیا ورکرزکے مسائل کوسمجھتے ہیں اور ان کو حل کرنے کی پوری کوشش کررہے ہیں،کونسل آف کمپلینٹس اس کی ایک مثال ہے کہ میڈیا مالکان سے جواب طلب کیا جارہا کے،انہوں نے کہاکہ آئندہ آنے والے وقت میں پیمرا کے کردار اور اقدامات میں مزید بہتری اور میڈیا ورکرز کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہوتے نظر آئیں گے، ہم چاہتے ہیں کہ ہمارا میڈیا ترقی کرے اور اس کے اثرات سے میڈیا ورکرز بھی مستفید ہوں۔صدر پی ایف یو جے دستور حاجی محمد نواز رضا نے چیئرمین پیمرا محمد سلیم کی خدمات کو سراہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ آئندہ آنے والا وقت الیکٹرانک میڈیا ورکرز کے لئے اچھا ثابت ہوگا، انہوں نے چیئرمین پیمرا کو اپنی کتابوں کا تحفہ بھی پیش کیا