اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ نے کہاہے کہ5اگست 2019کو دفعہ 370اور35 اے کی منسوخی جہاں اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی اصولوں کی خلاف ورزی ہے،وہیں عالمی برادری کیلئے ایک کھلا چیلنج بھی ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی نے یہ بات ایک حریت وفد کے ہمراہ اسلام آباد میں خیبرپختونخوا ہائوس کے دورے کے موقع پر آزادجموں وکشمیر کے سابق وزیر اعظم اور پی ٹی آئی رہنما عبدالقیوم نیازی،گلگت بلتستان کے سابق وزیر اعلیٰ خالد خورشید اورپی ٹی آئی کے دیگررہنمائوں سے گفتگوکرتے ہوئے کہی۔ غلام محمد صفی نے کہاکہ مسئلہ کشمیر ایک تسلیم شدہ عالمی تنازعہ ہے اور بھارت اس کی متنازعہ حیثیت کو تبدل نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہاکہ کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیابھر میں مقیم کشمیری اس دن کو یوم سوگ کے طور پر منائیں گے۔ پی ٹی آئی کے رہنمائوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی طرف سے جاری ظلم و بربریت، قتل و غارت اور انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہم حق خود ارادیت کے حصول کے لئے کشمیری عوام کی حق پر مبنی جدوجہد کے ساتھ کھڑے ہیں اوررہیں گے۔ انہوں نے حریت وفد کو یقین دلایا کہ بھارت سے آزادی کی جدوجہد میں پی ٹی آئی اور پاکستان کے عوام کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی 5 اگست کو یوم استحصال کشمیر بھر پر طریقے منائے گی ۔اس سے قبل پی ٹی آئی رہنمائوں نے حریت وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔حریت وفد میںایڈکیٹ پرویز احمد ، مشتاق احمد بٹ ، سید فیض نقشبندی ،اعجاز رحمانی،راجہ خادم حسین، شیخ عبدالمتین،حسن البناء،عبدالحمید لون، محمد اشرف ڈار ،زاہد مشتاق اوردیگر شامل تھے۔