اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):وفاقی وزیر امورکشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ 5 اگست کے ہندوستانی اقدام کے خلاف دنیا بھر میں یوم استحصال منایا جائے گا، 5 اگست جموں و کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین باب ہے، پاکستان کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کے منطقی انجام تک ان کی بھرپور سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا، یوم استحصال کے موقع پر تمام سیاسی جماعتیں متحد ہوکر بھارتی اقدامات کے خلاف احتجاج کریں۔اتوار کو پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ میں حریت رہنمائوں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے کہا کہ 1947ء سے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی جاری ہے، کشمیریوں نے پاکستان بننے سے پہلے پاکستانی ہونے کا نعرہ لگایا تھا۔ انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کی رائے کے مطابق تنازعہ کشمیر حل ہونا چاہئے اور اس حوالہ سے سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل ہونا چاہئے، ہندوستان کی جانب سے جبر سے کشمیریوں کی جدوجہد کو دبانے میں ناکامی پر پاکستان کی جانب سے ہم کشمیری عوام کو سلام پیش کرتے ہیں، وہ ہر جبر کے سامنے ڈٹ کر کھڑے ہیں، لاکھوں جانوں کی قربانیاں دی ہیں، قیدوبند کی صعوبتیں برداشت کی ہیں، ان کا قصور صرف یہ ہے کہ وہ اپنا بنیادی حق مانگتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019 کو ہندوستان کی جانب سے غیرقانونی زیر قبضہ کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کرنے کا اقدام اٹھایا گیا۔ جمہوریت کے نام نہاد علمبردار کے اس اقدام کو پانچ سال مکمل ہوچکے ہیں۔ ان پانچ سالوں میں 887 کشمیری شہید ہوئے، ہزاروں زخمی اور انہیں جیلوں میں ڈالا گیا۔ کشمیر میں بھارت کی جانب سے مظالم کا نہ تھمنے والا سلسلہ جاری ہے، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے بھی ان اقدامات کی مذمت کی ہے۔اقوام متحدہ کی قراردادیں بھارت کے آئین میں ردوبدل سے تبدیل نہیں ہوسکتیں، وہ قراردادیں اپنی جگہ پر موجود ہیں، پاکستان کشمیریوں کی جدوجہد کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کو اپنا فرض سمجھتا اور وہ یہ حق ادا کرتا رہے گا، ہم یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ کشمیر کے حوالہ سے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل ہونا چاہئیے، دنیا میں اس وقت مسلمانوں کاخون ارزاں ہے۔انہوں نے کہا کہ او آئی سی سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ عملی طور پر مظلوم مسلمانوں کی بھرپور نمائندگی کرے اور عملی اقدامات اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر ایک جیل کا منظر پیش کر رہا ہے، ہمیں کشمیریوں پر فخر ہے جنہوں نے بہادری سے ہر جبر کامقابلہ کیا اور کشمیر بنے گا پاکستان کا نعرہ بلند کرتے آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اپنے مظالم پر پردہ ڈالنے کیلئے اس جدوجہد کو کبھی دہشت گردی کا نام دیتا ہے اور کبھی اس کا الزام پاکستان پر تھونپتا ہے، اپنے حق کیلئے جدوجہد دہشت گردی نہیں، دہشت گردی کا شکار تو پاکستان ہے۔ انہوں نے کشمیریوں کو یقین دہانی کرائی کہ وہ تنازعہ کشمیر کے پرامن حل تک کشمیریوں کی جدوجہدکی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ 5 اگست کے اقدام کی مذمت کے طور پر ہر سال یوم استحصال منایا جاتا ہے، دنیا بھر میں اس اقدام کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کراتے ہیں۔وزیراعظم نے اس بار خصوصی ہدایت جاری کی ہے کہ پاکستان بھر سے کشمیریوں کو یہ پیغام جانا چاہئے کہ ہم ان کے ساتھ ہیں۔ تمام پاکستانی اس احتجاج میں بڑھ چڑھ کر شریک ہوں۔ قومی اسمبلی، سینیٹ اور صوبائی اسمبلیوں کو بھی کشمیریوں کے حق میں قراردادوں کی منظوری کی ہدایت کی ہے، قومی اسمبلی میں کل (پیر) کو قرار داد پیش کی جائے گی۔ اس میں حکومت اوراپوزیشن کے ارکان کے دستخط شامل ہیں۔ امیر مقام نے کہا کہ کشمیر کے مسئلے پر پوری قوم اپنی سیاسی وابستگیوں کو بالائے طاق رکھ کر یک زبان ہونی چاہئے۔ انہوں نے فلسطین کے حق میں متفقہ قرارداد پر تمام جماعتوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہی پیغام کشمیریوں کیلئے بھی جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے دنیا بھر میں اپنے سفارتخانوں کو بھی یوم استحصال منانے کی ہدایت کی ہے تاکہ دنیا میں جمہوریت پر یقین رکھنے والوں کو یہ پیغام دیا جائے کہ وہ اس ضمن میں ہماری حمایت کریں۔ انہوں نے کہا کہ ریڈیو پاکستان سے ڈی چوک تک واک کا اہتمام کیا گیا ہے، اراکین پارلیمنٹ اورسیاسی قیادت سے اس میں شرکت کی درخواست کی گئی ہے تاکہ دنیا کو یہ پیغام جائے کہ کشمیر کے مسئلہ پر تمام سیاسی جماعتیں متحد ہیں۔ تمام وزارتیں اور محکمے بھی اس میں شریک ہوں گے، اس کے علاوہ تصویری نمائش سمیت دیگر تقریبات کا انعقاد بھی کیا جائے گا، وزارت اطلاعات و نشریات کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے قومی میڈیا کو خصوصی پروگرام چلانے کی ہدایت کی تاکہ ان کے ذریعے دنیا کو کشمیر میں ہونے والے مظالم سے آگاہ کیا جاسکے، نجی چینلز سے بھی توقع ہے کہ اس دن کی مناسبت سے خصوصی پروگرام چلائیں گے۔پی آئی اے، این ایچ اے، میٹرو سمیت ہر محکمہ سے کہاکہ وہ اس دن کی مناسبت سے بینر آویزاں کریں، وزارت امور کشمیر چھٹی کے باوجود اس دن کی تیاریوں کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے، اس پر ملازمین کے مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آخری دم تک کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی حمایت جاری رکھے گا۔ فلسطین اور کشمیر میں ہونے والے مظالم سے عالمی برادری چشم پوشی کر رہی ہے، ان کے ضمیر بھی جاگنے چاہئیں اور انہیں اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ حریت کانفرنس کے کنوینئر غلام محمد صفی نے کہا کہ بھارت نے 5 اگست 2019 کا اقدام اسرائیلی ماڈل کے تحت اپنایا ہے وہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنا چاہتا ہے۔