ڈھاکہ۔(بیورو رپورٹ)بنگلہ دیش میں پاکستانی ہائی کمشنرسید احمد معروف نے کہا ہے کہ پاکستان ہائی کمیشن ڈھاکہ بنگلہ دیش کی بدلتی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے، پاکستانی شہریوں کی حفاظت ہمارا اولین فرض ہے، اس کے لئے اپنے شہریوں خصوصا زیر تعلیم طلبا و طالبات سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ڈھاکہ میں پاکستانی سفارت خانہ کی طرف سے اتوار کوجاری بیان میں ہائی کمشنر سید احمد معروف نے کہا کہ ہائی کمیشن کے حکام بنگلہ دیش کی اتھارٹیز سے بھی رابطہ رکھے ہوئے ہیں۔ بدلتی صورتحال سے طلبا و طالبات کو بھی مسلسل آگاہ رکھا جارہا ہے،جیسے ہی صورتحال خراب ہونا شروع ہوئی ،طلبا و طالبات کو فوری ہائی کمیشن پہنچنے کا کہا گیا، جو نہیں پہنچ سکے ان کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی اسٹوڈنٹس سے کہا ہے کہ اپنے کمروں تک محدود رہیں اور موجودہ صورتحال سے اپنے آپ کو الگ رکھیں۔ بنگلہ دیش میں زیر تعلیم 144 طلبہ میں سے ایک تہائی پہلے ہی پاکستان جا چکے ہیں جبکہ چند مزید طلبہ آج کل میں پاکستان روانہ ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش میں رہ جانے والے طلبہ میں سے کچھ طلبہ ہائی کمیشن پہنچ چکے ہیں۔ ہائی کمیشن طلبہ سے مستقل رابطے میں ہے اور ان کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے تمام ممکن اقدامات جاری رکھے گا۔