اسلام آباد۔(اسپورٹس رپورٹر )پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے پاکستان بھر کے اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں کرکٹ کے فروغ اور کرکٹ کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے لیے ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی)، کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی(سی ڈی اے) اور انٹر بورڈ کوآرڈینیشن کمیشن (آئی بی سی سی) کے ساتھ تاریخی مفاہمت کی یادداشتوں (ایم او یو) پر دستخط کئے ہیں۔ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب سی ڈی اے ہیڈ کوارٹرز میں منعقد ہوئی جس میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور وفاقی وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی نے شرکت کی۔اجلاس میں وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم علی آغا، وفاقی سیکرٹری تعلیم محی الدین وانی، چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا اور ہائر ایجوکیشن کمیشن، انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن اور سی ڈی اے کے سینئر حکام نے شرکت کی۔ مفاہمتی یادداشت پر ڈائریکٹر ڈومیسٹک پی سی بی عبداللہ خرم نیازی، ڈائریکٹر سپورٹس انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن محمد عثمان خان اور ڈائریکٹر سپورٹس ہائر ایجوکیشن کمیشن جاوید علی میمن نے دستخط کیے۔ تمام شریک تنظیمیں اس بات کو یقینی بنانے کے لئے مل کر کام کریں گی کہ ٹورنامنٹس کے بہترین نتائج برآمد ہوں۔ توقع ہے کہ اس مشترکہ نقطہ نظر سے نچلی سطح سے کرکٹ کو تقویت ملے گی۔اس جامع منصوبے میں مختلف تعلیمی سطحوں پر کرکٹ ٹورنامنٹس اور لیگز کا انعقاد شامل ہے، جو ملک بھر میں لڑکوں اور لڑکیوں دونوں کی ضروریات کو پورا کرتی ہیں۔ اس اقدام سے اعلی تعلیمی اداروں میں کرکٹ اکیڈمیوں کے قیام کی حوصلہ افزائی ہوگی اور خواتین کرکٹ کے فروغ پر توجہ دی جاسکے گی۔ ایچ ای سی بہترین کھلاڑیوں کو اسپورٹس اسکالرشپس کے ساتھ بھی مدد فراہم کرے گا۔ پی سی بی فزیکل ٹریننگ ایجوکیشن (پی ٹی ای) اساتذہ کے لیے خصوصی کوچنگ کورسز فراہم کرے گا اور پی سی بی کوچز اسکول کیمپوں کے دوران لڑکوں اور لڑکیوں کی تربیت کے لیے اسکولوں کا دورہ کریں گے۔مزید برآں پی سی بی اعلی تعلیمی اداروں کے گرائونڈ اسٹاف اور کیوریٹرز کو مفت تربیت فراہم کرے گا۔اسکول اور کالج ٹورنامنٹس سے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو پی سی بی انڈر 17 اور انڈر 19 ٹیموں میں شامل ہونے اور ہائی پرفارمنس سینٹرز میں تربیت حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔ مزید برآں پی سی بی انٹر یونیورسٹی چیمپیئن شپ سے منتخب کھلاڑیوں کے لیے سالانہ تربیتی کورسز کو یقینی بنائے گا۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ ہم نچلی سطح پر کرکٹ کے فروغ کی اس تاریخی کوشش پر پرجوش ہیں۔ انٹر اسکول، انٹر کالجیٹ اور انٹر یونیورسٹی ٹورنامنٹس کے انعقاد سے ہمیں ملک بھر میں نوجوان ٹیلنٹ کی شناخت کرنے اور انہیں پروانچڑھانے میں مدد ملے گی۔ وفاقی وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ اسکول ٹیلنٹ کی نرسریاں ہیں۔اچھے کھلاڑی اکثر اسکول کی سطح کے کھیلوں سے ابھرتے ہیں۔ ان معاہدوں کے تحت آئی بی سی سی تمام تعلیمی بورڈز کے تعاون سے ٹورنامنٹ کے انتظامات کی نگرانی کرے گا جبکہ ایچ ای سی اعلی تعلیمی اداروں میں کرکٹ کے فروغ کے لیے فریم ورک تیار کرے گا۔