اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ):فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن (ایف ایف ڈی) نے آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران ڈی جی خان ڈویژن کے پہاڑی ندی نالوں اور ژوب، سبی، نصیر آباد اور قلات ڈویژن کے نالوں میں اونچے سے انتہائی اونچے درجے کے سیلاب جبکہ لاڑکانہ اور حیدرآباد (ضلع دادو اور جامشورو کے اضلاع) میں درمیانے سے اونچے درجے کے سیلاب کی پیش گوئی کی ہے۔اتوار کوایف ایف ڈی لاہور کے مطابق مذکورہ مدت کے دوران دریائے کابل اور اس کے معاون دریاؤں میں درمیانے سے اونچے درجے کا سیلاب بھی متوقع ہے۔اس وقت دریائے سندھ میں چشمہ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب آرہا ہے جو تربیلا کالاباغ ریچ اور تونسہ بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ دریائے کابل میں بھی ورسک نوشہرہ ریچ پر گرنے کا رجحان ہے جبکہ دیگر بڑے دریا معمول کے مطابق بہہ رہے ہیں۔ملک کے بڑے آبی ذخائر (تربیلا، منگلا اور چشمہ) کا مشترکہ لائیو ذخیرہ 9.558 ایم اے ایف ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ ذخیرہ کرنے کی گنجائش 13.321 ایم اے ایف ہے۔ایف ایف ڈی نے اگلے 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد اور پنجاب میں موسلادھار بارشوں کے ساتھ درمیانی شدت کی گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔