اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):وزیراعظم محمد شہباز شریف نےکہا ہے کہ یوم شہدائے پولیس ، بہادر پولیس افسران اور اہلکاروں کی جرات اور بہادری کو یاد کرنے کا دن ہے ، پولیس اہلکاروں نے ہمیشہ اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر قوم کا مستقبل محفوظ اور روشن بنایا ۔وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے یوم شہدائے پولیس کے موقع پر پولیس کے شہید افسران اور اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ جرائم کی سرکوبی کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس اہلکاروں کی قربانیاں لازوال ہیں ، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس نے ہمیشہ ہراول دستے کے طور پر اپنی ذمہ داریاں نبھائیں ۔انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں نے ہمیشہ اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر قوم کا مستقبل محفوظ اور روشن بنایا ، شہدائے پولیس قوم کا فخر ہیں،پوری قوم شہید پولیس اہلکاروں کو سلام پیش کرتی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ شہید افسران اور اہلکاروں کے خاندانوں کا خیال رکھنا حکومت کی ذمہ داری ہے، اس حوالے سے کوئی کوتاہی نہیں ہونے دیں گے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت شہداء کے بچوں کی تعلیم و صحت کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی ، شہداء کے خاندانوں کا ہر طرح سے خیال رکھا جائے گا۔ بطور وزیر اعلیٰ پنجاب اپنے دور میں شہدائے پولیس کے خاندانوں کے لئے ایک بڑا اور تاریخی پیکج دیا تھا ۔