اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):عراق کے ریپڈ رسپانس یونٹ کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ڈاکٹر تہامیر اسماعیل کی سربراہی میں اعلی سطح کے وفد نے وفاقی وزیرداخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی سے ملاقات کی۔وزارت داخلہ آمد پر وفاقی وزیرداخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی نے عراقی ریپڈ رسپانس یونٹ کے کمانڈرلیفٹیننٹ جنرل ڈاکٹر تہامیر اسماعیل اور وفد کاخیر مقدم کیا۔عراقی ریپڈ رسپانس یونٹ کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل تہامیر اسماعیل اور وزیرداخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی کے مابین ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، پاکستانی زائرین سے عراق میں پاسپورٹ نہ لینے اور زائرین کو زیادہ سہولتیں فراہم کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں عراقی پولیس کو پاکستان میں تربیت دینے اور سیف سٹی پراجیکٹ میں تعاون پر بھی گفتگو ہوئی جبکہ غیر قانونی امیگریشن اور انسانی سمگلنگ روکنے کے لیے باہمی اشتراک کار بڑھانے پر بات چیت ہوئی۔ عراقی وفد نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو عراق کے دورے کی دعوت دی۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے عراقی ریپڈ رسپانس یونٹ کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ڈاکٹر تہامیر اسماعیل اور وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عراق جانے والے زائرین سے پاسپورٹ نہ لینے کی تجویز فوری اقدامات کی متقاضی ہے۔ امید ہے کہ عراقی حکومت اس ضمن میں جلد حتمی فیصلہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے عراقی بہن بھائیوں کے لیے ویزہ فری کی سہولت دینے کا فیصلہ کیا ہے، انشاللہ جلد عمل شروع ہو جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ عراقی پولیس کی تربیت کے لئے ہر ممکن تعاون کریں گےجبکہ سیف سٹی پراجیکٹ میں عراق کو ہر سطح پر معاونت فراہم کرینگے۔ کمانڈر عراقی ریپڈ رسپانس یونٹ لیفٹیننٹ جنرل ڈاکٹر تہامیر اسماعیل نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی زائرین سے پاسپورٹ نہ لینے کے حوالے سے ڈی جی پاسپورٹ سے بات کی جائے گی، امید ہے کہ ایشو حل ہو جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان سے آنے والے بہن بھائی ہمارے لئے قابل احترام ہیں۔ عراقی وفد میں بریگیڈئر جنرل کمانڈر آف پروٹیکشن رجمنٹ عقیل کاظم، بریگیڈئر جنرل عبدالحسین، محمد سہیل اور دیگر شامل تھے۔ وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم علی آغا اور ایم ڈی این آر ٹی سی بریگیڈئر محمد عاصم بھی اس موقع پر موجود تھے۔