اسلام آباد(اے پی پی):ڈیوٹی جج جوڈیشل مجسٹریٹ شہزاد خان نے قومی خبر رساں ادارے ’’اے پی پی‘‘ میں کروڑوں روپے مالیت کے کرپشن کیس میں نامزد ملزمان کو مزید تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا۔ہفتہ کو وفاقی تحقیقاتی ادارہ ایف آئی اے کے اینٹی کرپشن سیل نے محمد غواث خان (پراجیکٹ ڈائریکٹر)، مصور عمران (ڈپٹی ڈائریکٹر )اور سعدمدثر (چیف کمپیوٹر انجینئر) کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر عدالت پیش کر کے موقف اختیار کیا کہ ملزمان سے مذید تفتیش درکار ہے، انکا 14روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا جائے۔سماعت کے دوران اے پی پی کے لیگل ایڈوائزر معروف قانون دان سردار یعقوب مستوئی ایڈووکیٹ نے دلائل دئیے کہ ملزمان پروکیورمنٹ کمیٹی کے ممبران تھے ۔ انہوں جعل سازی کر کے سرکاری خزانے کو 124ملین روپے کا نقصان پہنچایا ۔ملزمان سے سرکاری رقم ریکور کرنے کے لئے جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔ ۔ملزمان کے وکلاء نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کی۔دلائل مکمل ہونے پر عدالت نے تینوں ملزمان کو مذید تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا۔