سکھر۔(مانیٹرنگ ڈیسک ) :سکھر ، خیرپور اور گرد و نواح میں موسلا دھار بارش کا سلسلا جاری ، زندگی مفلوج ، درخت اور بجلی کے کھمبے گر گئے ، كهجور کے باغات کو شدید نقصان پہنچا ہے ۔سکھر اور گرد و نواح کے علاقوں میں 3 اگست صبح 5 بجے مون سون کی بارشوں کا خطر ناک سلسلا شروع ہو گیا ہے ۔موسلا دھار بارش وقفے وقفے سے جاری ہے ۔بادلوں کی شدید گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کا اسپیل رات گئے تک جاری رہا۔ سکھر میں مون سون کی پہلی برسات کے باعٹ ضلع انتظامیہ اور سکھر میونسپل کارپوریشن کا عملا متحرک ہوگیا ہے ۔ برساتی پانی کی نکاسی کروائی جا رہی ہے ۔مون سون کی پہلی برسات شروع ہوتے ہی انجینئرز و متعلقہ عملہ فوری طور پر اپنے اپنے فرائض کی انجام دہی میں مشغول ہوگیا، ڈپٹی کمشنر سکھر ڈاکٹر ایم بی راجہ، میونسپل کمشنر محمد علی شیخ، ایکسین نعمان کلہوڑو، سینئر آفیسر عابد علی انصاری، وائس چیئرمین علی حسن میرانی و دیگر افسران نے شہر کے مختلف ڈسپوزل اسٹیشنز اور نشیبی علاقوں کے دورے کئے، افسران نے عملے کو ہدایات جاری کیں کہ تمام مشینری، جنریٹرز کو مکمل طور پر فعال رکھا جائے تاکہ لوڈ شیڈنگ کے دورانیے میں بھی برساتی پانی کی نکاسی کا عمل جاری رہ سکے ، عملہ مختلف شفٹس میں فرائض کی انجام دہی جاری رکھے، ایمرجنسی ڈیکلئر کی جاچکی ہے، فرائض میں غفلت کسی طور برداشت نہیں کی جائے گی۔اس موقع پر میونسپل کمشنر سکھر محمد علی شیخ اور انجینئر نعمان کلہوڑو کا کہنا تھا کہ سکھر میونسپل کارپوریشن نے مون سون برسات کے پیشگی انتظامات مکمل کر لیے ہیں اور اسٹاف کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں، ڈسپوزل کیساتھ پورٹ ایبل مشینری بھی آن روڈ ہیں، امید ہے آئندہ بھی شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی میں کامیابی حاصل کرلینگے۔دوسری جانب خیرپور، ٹھیڑی ببرلوں پریالوں پیر گوٹھ ٹنڈو مستی خان اور دیگر علاقوں میں شدید بارش ہو رہی ہے ۔ خیرپور اور اسکے گردونواح میں تیز ہواوں کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے ، تیز ہواوؑں اور بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرآب آگئے ہیں ۔تیز ہواوں اور بارش کے باعث بجلی کا نظام معطل ہوگیا، تیز ہواوں اور بارش کے باعث کجھور کی فصل کو شدید نقصان پہنچا ہے ۔