اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ جناح میڈیکل کمپلیکس کے ماسٹر پلان کی تیاری، تکنیکی معاونت اور طبی آلات کیلئے بین الاقوامی شہرت یافتہ ماہرین کی خدمات لی جائیں،جناح میڈیکل کمپلیکس کو نہ صرف پاکستان بلکہ خطے میں بہترین طبی سہولیات سے آراستہ ہسپتال بنایا جائے۔جمعہ کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیر اعظم کی زیر صدارت جناح میڈیکل کمپلیکس پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اس موقع پر وزیراعظم نے ہدایت کی کہ جناح میڈیکل کمپلیکس کو ٹرشری سطح کا جدید ہسپتال بنایا جائے، جناح میڈیکل کمپلیکس میں پورے پاکستان سے مریضوں کو عصر حاضر کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کی جائیں گی،جناح میڈیکل کمپلیکس کے ماسٹر پلان کی تیاری، تکنیکی معاونت اور طبی آلات کیلئے بین الاقوامی شہرت یافتہ ماہرین کی خدمات لی جائیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ ہم نے پنجاب میں بین الاقوامی معیار کا پی کے ایل آئی ہسپتال بنایا،پی کے ایل آئی پر سیاست کرکے اسے تباہ کرنے کی مذموم سازش کی گئی۔وزیراعظم نے کہا کہ جناح میڈیکل کمپلیکس کی جلد تعمیر کیلئے اقدامات یقینی بنائے جائیں،جناح میڈیکل کمپلیکس کی تعمیر میں تعاون پر آغا خان فاؤنڈیشن کے خصوصی طور پر شکر گزار ہیں۔اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن جہانزیب خان، وزیرِ اعظم کے کوآرڈینیٹر برائے صحت مختار احمد بھرتھ اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اجلاس کو جناح میڈیکل کمپلیکس کے ماسٹر پلان اور منصوبے کی تعمیر کے حوالے سے پیشرفت سے آگاہ کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ جناح میڈیکل کمپلیکس کو ٹرسٹ بنایا جائے گا جو ہسپتال کے انتظامی امور کو دیکھے گا۔ اس ٹرسٹ کے پیٹرن اِن چیف وزیراعظم ہوں گے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ کمپلیکس کے ماسٹر پلان پر بین الاقوامی شہرت یافتہ امریکی ماہرین کام کر رہے ہیں۔اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ آغا خان فاؤنڈیشن بھی کمپلیکس کے حوالے سے تکنیکی معاونت فراہم کر رہا ہے۔ اجلاس کو منصوبے کی تعمیری لاگت اور معینہ مدت سے آگاہ کیا گیا۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ جناح میڈیکل کمپلیکس کو نہ صرف پاکستان بلکہ خطے میں بہترین طبی سہولیات سے آراستہ ہسپتال بنایا جائے۔وزیراعظم نے منصوبے میں شفافیت کے عنصر کو خصوصی اہمیت دینے اور منصوبے کو کم وقت میں مکمل کرنے کے حوالے سے ہدایات جاری کیں۔