اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):سوئٹزرلینڈکے 733 ویں یوم آزادی کے حوالے سے پاکستان میں سوئٹزرلینڈکے سفیر جارج سٹینر نے جمعرات کو اسلام آباد میں ایک استقبالیہ تقریب کا اہتمام کیا۔ استقبالیہ میں وفاقی وزیر صنعت و پیداوار جام کمال خان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، ڈین ڈپلومیٹک کور عطاء جان مولاموف، پاکستان میں غیر ملکی سفیروں، حکومتی نمائندوں، عوامی، ثقافتی اور کاروباری شخصیات، اعلیٰ افسران اور میڈیا کے نمائندوں کے علاوہ پاکستان میں مقیم سوئٹزرلینڈ کے شہریوں نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر دونوں ملکوں کے قومی ترانوں کی
دھنیں بجائی گئیں۔ سوئٹزرلینڈ کے سفیر جارج سٹینر نے دیگر معزز مہمانوں کے ہمراہ سوئٹزرلینڈکے یوم آزادی کی مناسبت سے کیک کاٹا۔اس موقع پر مہمان خصوصی وفاقی وزیر صنعت و پیداوار جام کمال خان نےخطاب کرتے حکومت اور پاکستان کے عوام کی جانب سے سوئٹزرلینڈ کے عوام کو یوم آزادی پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان قریبی دوستانہ تعلقات قائم ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سوئٹزرلینڈ کی کمپنیوں نے پاکستان میں تجارت اور سرمایہ کاری میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ سوئٹزرلینڈکے سفیر نے سوئٹزرلینڈ کے یوم آزادی کی تقریب میں شرکت پر حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سوئٹزرلینڈ کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہوگئے ہیں۔ سفیر نے کہا کہ پاکستان اور سوئٹزرلینڈ آئندہ بھی مختلف شعبہ جات میں ملکر کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں متعدد سوئس کمپنیاں کام کررہی ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات میں اضافہ ہورہا ہے۔