اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی )وزیر برائے وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت ڈاكٹر خالد مقبول صدیقی نے اسلا م آباد كے سیكٹر ایچ نا ئن فور میں پاكستان ایجوكیشن انڈومنٹ فنڈ (پیف) كی نئی عمارت کا افتتاح کر دیا۔ تقریب میں وفاقی سیكرٹری تعلیم محی الدین وانی ،سی ای او پیف سیدہ ہاجرہ سہیل،سی ایس مراد شعیب،منیجر سكالرشپ مجید آصف شیخ،منیجرایم آئی ایس مظہر عامر ،پیف بورڈ ممبرا ن و دیگر شریك تھے ۔افتتاحی تقریب سے قبل وفاقی وزیر نے پیف كی شجركاری مہم كے دوران عمارت كے صحن میں پودا بھی لگایا ۔ پیف كی جانب سے شجركاری مہم كے پہلے مرحلے میں 50 سے زا ئد پودے لگا ئے گئے ہیں ۔وفاقی وزیر نے ادارے کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور نئی عمارت میں موجو د ڈے كیئرسنٹر اور لا ئبریری كا بھی دورہ كیا۔
اس موقع پر سی ای او پیف سیدہ ہاجرہ سہیل نے وفاقی وزیر كو ادارےكے مختلف سكالرشپ پروگرام بارےبریفنگ دی۔ تقریب سے خطاب كرتے ہوئے ڈاكٹر خالد مقبول صدیقی نے كہا كہ تعلیم كے شعبہ كے لئے خصوصی اقدامات کئے جا رہے ہیں، تعلیم و تربیت كے فروغ كی مد میں مختص فنڈز میں كئی گنا اضافہ كیا گیا ہے جس كے بہتر نتائج سامنے آرہے ہیں ۔انہوں نے پیف كی جانب سے ہونہار اور ضرورت مند غریب طلبا كو سكالر شپ كی فراہمی كو سراہا۔ڈاكٹر خالد مقبول نے كہا كہ نوجوانوں كے لئے جدید خطوط پر تعلیم خاص كر پیشہ وارانہ تربیت كی فراہمی وقت كی اہم ضرورت ہے، نوجوانوں كو جدید علوم میں فنی تربیت دے كرملک کی معیشت میں اپنا کردار ادا کرنے کے قابل بنایاجاسکتا ہے۔ پیف كی جانب سے سیاحت ، صحت ،كلائمیٹ چینج ،آئی ٹی اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس كے شعبوں میں سكالرشپ كی فراہمی اس سلسلے میں بہترین اقدام ہیں ۔اس موقع پر سی ای او پیف سیدہ ہاجرہ سہیل نے بتایا كہ پاكستان ایجوكیشن انڈومنٹ فنڈ ملک سے غربت اور بیروزگاری کے خاتمے کے عزم کے ساتھ میدان میں ہے، ہم نوجوانوں خاص كر غریب طلباء كو معیاری تعلیم فراہم کرکے ان کوباعزت روزگار کمانے كے قابل بنانے کی جدوجہد میں مصروف ہیں، اب تك پیف 14 ہزار سے زائد طلباء كو سكالر شپ فراہم كر چكا ہے ، یہ نوجوان نہ صرف اندرون ملک روزگار کے مواقع حاصل كر رہے ہیں بلكہ بیرون ملك جا كر بھی ملك و قوم كا نام روشن كر رہے ہیں۔