کراچی۔ (نمائندہ خصوصی ):وفاقی وزیر نے مقامی سڑکوں سے بین الاقوامی شاہراہوں تک انڈس موٹر ”میک ان پاکستان” ٹویوٹا گاڑیوں کی برآمد کا افتتاح کردیا۔وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے بدھ کو پورٹ قاسم انڈسٹریل اسٹیٹ کراچی میں ٹویوٹا انڈس موٹر کمپنی لمیٹڈ(آئی ایم سی)کا دورہ کیا۔ ان کے ہمراہ سیکرٹری (ایم او آئی پی) سیف انجم اور سی ای او ای ڈی بی خدا بخش بھی موجود تھے۔وفاقی وزیر کی آئی ایم سی آمد پر ایگزیکٹیو وائس پریذیڈنٹ ٹویوٹا موٹر ایشیا مسٹر کازوناری اگوچی، سی ای او آئی ایم سی اصغر علی جمالی اور دیگر سینئر افسران نے پرتپاک استقبال کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے آئی ایم سی ٹویوٹا کو گاڑیاں برآمد کرکے سنگ میل حاصل کرنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے 64فیصد تک آپریشنز کی لوکلائزیشن کے لیے آئی ایم سی انتظامیہ کی تعریف کی، جو پاکستان حکومت کے جدت اور خود انحصاری کے وژن کی عکاسی کرتا ہے۔وفاقی وزیر نے 700 ملین امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری اور 76000 یونٹس تیار کرکے قومی ترقی میں ٹویوٹا کے کردار کو بھی تسلیم کیا۔ اس کے علاوہ کمپنی قومی خزانے میں 258 بلین کا حصہ ڈالتی ہے جو ملک کی قومی ترقی میں اس کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ وفاقی وزیر نے کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اثرات کو کم کرنے اور ہائبرڈ گاڑیاں تیار کرکے ماحولیاتی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے کمپنی کے فعال انداز کو بھی اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات موٹر انڈسٹری میں دوسروں کے لیے ایک مثال ہیں۔
وفاقی وزیر نے سی ای او آئی ایم سی اصغر علی جمالی کی قائدانہ خوبیوں کی تعریف کی اور کہا کہ کمپنی کو ان سنگ میلوں تک لے جانے میں ان کا کردار اہم رہا۔ انہوں نے آئی ایم سی انتظامیہ کے کردار کی تعریف کی اور کہا کہ قومی ترقی میں ان کا نقطہ نظر حکومت پاکستان کے ساتھ ہم آہنگ ہے۔ ٹویوٹا موٹر ایشیاکے ایگزیکٹو نائب صدر مسٹر کازوناری ایگوچی نے کہا کہ آئی ایم سی کے ساتھ شراکت داری وقت کے ساتھ ساتھ بنائی گئی ہے اور بہت زیادہ نتیجہ خیز ہے۔
ٹویوٹا میں ہم کہتے ہیں کہ ہم کاریں بنانے سے پہلے لوگوں کو بناتے ہیں اور یہ قدم اس بات کا ثبوت ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سی ای او آئی ایم سی ٹویوٹا اصغر علی جمالی نے وفاقی وزیر اور ان کی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ آٹو انڈسٹری میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور پائیدار ترقی میں اپنا حصہ ڈال کر ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کررہی ہے۔کمپنی کے دورے کے دوران وفاقی وزیر نے ایک پودا بھی لگایا اور گاڑیوں کے ایکسپورٹ یونٹ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر آئی ایم سی ٹویوٹا کی جانب سے انہیں یادگار پیش کی گئی۔