اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب نے گلگت بلتستان انتظامیہ اور مالیاتی فریم ورک کے حوالہ سے اصلاحات کو اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے نہ صرف مقامی آبادی کو فائدہ پہنچے گا بلکہ علاقہ میں سیاحت کو بھی فروغ حاصل ہو گا۔ انہوں نے یہ بات بدھ کو یہاں گلگت بلتستان کے مسائل سے متعلق کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام، گلگت بلتستان کے وزیر خزانہ محمد اسماعیل، وزیر زراعت محمد انور، سابق وزیراعلیٰ حافظ حفیظ الرحمن، چیف سیکرٹری گلگت بلتستان، ممبر واپڈا اور متعلقہ وزاتوں کے افسران نے شرکت کی۔چیف سیکرٹری گلگت بلتستان نے گلگت بلتستان حکومت کے مسائل سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے پی ایس ڈی پی کے منصوبوں کیلئے کم فنڈ مختص کرنے جیسے مسائل سے بھی آگاہ کیا جس کی وجہ سے ملازمین اور دیگر شعبوں کے واجبات بڑھ رہے ہیں۔ چیف سیکرٹری نے علاقہ میں توانائی کی بڑھتی ہوئی ضروریات سے نمٹنے کیلئے شمسی توانائی کے منصوبوں کی وکالت کی۔ علاوہ ازیں انہوں نے علاقہ میں اراضی کے ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن اور خطہ میں سیاحت کے فروغ کیلئے ایئرپورٹس کو مزید توسیع دینے کی بھی تجاویز پیش کیں۔انہوں نے بتایا کہ ان تجاویز پر عملدرآمد سے خطہ میں بنیادی ڈھانچہ کو جدید بنیادوں پر استوار کرنے میں مدد ملے گی۔ علاوہ ازیں علاقہ میں سیاحت بڑھنے سے اقتصادی ترقی کو بھی فروغ حاصل ہو گا۔ وزیر خزانہ نے ان تجاویز کو سراہا اور کہا کہ خطہ میں انتظامی اور مالی فریم ورک کے حوالہ سے تجاویز پر عملدرآمد سے نہ صرف خطہ کے عوام کو فائدہ ہو گا بلکہ اس سے علاقہ میں سیاحت کو بھی فروغ ملے گا۔ انہوں نے گلگت بلتستان حکومت کے مسائل کی تائید کی اور مجموعی اقتصادی ترقی کیلئے گلگت بلتستان حکومت کو ہر قسم کا تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔